پاکستان فیڈرل یونین اف جرنلسٹس سندھ چیپٹر کے سیکرٹری جنرل حامد شیخ کی قیادت میں 4 رکنی وفد نے وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی سے ملاقات کی

0
690

پاکستان فیڈرل یونین اف جرنلسٹس سندھ چیپٹر کے سیکرٹری جنرل حامد شیخ کی قیادت میں 4 رکنی وفد نے وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی سے ملاقات کی۔
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) پاکستان فیڈرل یونین اف جرنلسٹس سندھ چیپٹر کے سیکرٹری جنرل حامد شیخ کی قیادت میں 4 رکنی وفد نے وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر حیدراباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر افتاب میمن، سینئر صحافی و سابق صدر پریس کلب محمد حسین خان اور سینئر صحافی و کے یوجے کے سابق صدر حسن عباس بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ملاقات میں حیدرآباد میں صحافیوں کو درپیش مسائل بالخصوص صحافیوں کے لئے حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کو سندھ حکومت کی جانب سے گرانٹ نہ ملنے، صحافیوں کے لئے رہائش کے حوالے سے زمین کے حصول کے بعد درپیش مسائل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر حامد شیخ اور وفد کے دیگر ارکان نے صوبائی وزیر سعید غنی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی وزارت میں انشاءاللہ یہ محکمہ ماضی میں بھی صحافیوں کے حوالے سے مددگار رہا ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی رہے گا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور ہر اس دور میں جب پیپلز پارٹی حکومتوں میں آئی ہے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ ہر پلیٹ فارم پر آزادی صحافت کے لئے آواز بلند کی اور اس کے بعد صدر آصف علی زرداری اور اب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اسی وژن کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت واحد حکومت ہے جس نے صحافیوں کے لئے سب سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے، چاہے وہ صحافیوں کے مالی مسائل ہوں یا ان کی رہائش کے مسائل ہوں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات کو وہ نہ صرف تسلیم کرتے ہیں بلکہ اس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے وہ اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here