University

جرمن کونسل جنرل کا آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا دورہ

جرمن کونسل جنرل کا آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا دورہ
کونسل جنرل ہوگلر زیگلر نے ادارے کی سائینسی اور تحقیقی سرگرمیوں اور سائنسی انفرا اسٹریکچر کی تعریف کی
پروفیسر عطا الرحمن اور پروفیسر اقبال چوہدری نے جرمن کونسل جنرل کی ادارے میں آمد کا خیر مقدم کیا
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں جرمنی کے کونسل جنرل ہوگلر زیگلر نے جمعرات کو پاکستان کے معروف تحقیقی ادارے ”بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی“ کا دورہ کیا، اور ادارے کے انفرااسٹرکچر اور یہاں کی سائینسی اور تحقیقی سرگرمیوں کی تعریف کی۔
وزیر اعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین اور آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن اور آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے جرمنی کے کونسل جنرل کی ادارے میں آمد کا خیر مقدم کیا۔
بعد ازاں کونسل جنرل ہوگلر زیگلر نے پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن اور پروفیسر اقبال چوہدری کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی جہاں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی، پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن نے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی تعمیر و ترقی میں معروف جرمن سائینسدان پروفیسر ڈاکٹر وولف گینگ فولٹر کی اعلیٰ خدمات کے متعلق ہوگلر زیگلر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں پروفیسر اقبال چوہدری نے ایک پریزینٹیشن کے دوران آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں ہونے والے سائینسی اور تحقیقی سرگرمیوں کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں کونسل جنرل ہوگلر زیگلر نے بین الاقوامی مرکز کی قومی خدمات اور صنعتوں کو دی جانے والی تحقیقی رہنمائی کی تعریف کی اور حکومتِ جرمنی کی جانب سے ادارے کے واسطے تمام تر مدد و معاونت کا یقین دلایا، انہوں نے بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی اور جرمنی کے تعلیمی و تحقیقی اداروں کے درمیان مذید تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں پاکستان اور جرمنی کے روایتی تعاون کی بہترین مثال ہے۔ آخر میں پروفیسر اقبال چوہدری نے کونسل جنرل ہوگلر زیگلر کی خدمت میں جرمن سائینسدان پروفیسر ڈاکٹر وولف گینگ فولٹر کے نام سے منسوب ایک شیلڈ بھی پیش کی۔

LEAVE A RESPONSE

Your email address will not be published. Required fields are marked *

REGISTERED NOW