صنعتوں سے اشتراک اور اس میں موجودماہرین کے تجربات سے استفادہ کرنا ناگزیر ہوگیاہے۔ڈاکٹر خالد عراقی

0
856

صنعتوں سے اشتراک اور اس میں موجودماہرین کے تجربات سے استفادہ کرنا ناگزیر ہوگیاہے۔ڈاکٹر خالد عراقی
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو دعراقی نے کہا کہ جامعات اورصنعتوں کے مابین اشتراک سے ہمارے گریجویٹس کو دوران تدریس سیکھنے کو بہت کچھ ملے گا اور ملازمت کے بھی بہترین مواقع قومی اور بین الاقوامی سطح پر میسرآئیں گے۔تیل اورگیس کے شعبہ میں پوری دنیا میں ملازمت کے بہترین مواقع میسر ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے طلبہ مارکیٹ کی ضروریات اور عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو جس کے لئے اس صنعت سے اشتراک اور اس میں موجودماہرین کے تجربات سے استفادہ کرنا ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں شعبہ پیٹرولیم ٹیکنالوجی کے لئے دورجدید کی سہولیات سے آراستہ ایک نئی عمارت کی تعمیرکے لئے پی سی ون تیارکیاجارہاہے اور بہت جلد اس منصوبے کو عملی جامہ پہنایاجائے گا۔شعبہ ہذا میں صنعتوں کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید سہولیات سے آراستہ لیبز قائم کئے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ پیٹرولیم ٹیکنالوجی جامعہ کراچی کی مختلف کلاس رومز اور لیبز کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رئیسہ کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون،اسٹیٹ آفیسر نورین شارق،ممبرسنڈیکیٹ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم طحہٰ اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
انچارج شعبہ پیٹرولیم ٹیکنالوجی جامعہ کراچی کاشف صادق نے شیخ الجامعہ کو بتایا کہ شعبہ کے فارغ التحصیل طلبہ کو وقتاً فوقتاًشعبہ ہذا میں ہونے والے سیمینارز،ورکشاپس اور مختلف تربیتی پروگرامز میں مدعو کیا جائے گاتاکہ شعبہ ہذا کے طلبہ ان کے تجربات سے استفادہ کرسکیں اور موجودہ دور کی مارکیٹ ضروریات سے ہم آہنگ ہوسکیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here