ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مستقبل میں اہم ذمہ داریاں سنبھالنے کے قابل بنانے کے لئے سی ایس ایس کارنر کا قیام مثبت پیش رفت ہے

0
1596

 

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مستقبل میں اہم ذمہ داریاں سنبھالنے کے قابل بنانے کے لئے سی ایس ایس کارنر کا قیام مثبت پیش رفت ہے
کراچی: (طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مستقبل میں اہم ذمہ داریاں سنبھالنے کے قابل بنانے کے لئے سی ایس ایس کارنر کا قیام مثبت پیش رفت ہے اور اسے جاری رکھا جائے گا، سینئر بیوروکریٹس اور ممتاز شخصیات کا یہاں آکر طالب علموں کو سی ایس ایس کے امتحانات کی تیاری میں مدد دینا خوش آئند ہے، کراچی میں ایسے تربیتی مراکز کی بہت ضرورت ہے لہٰذا انہیں مزید وسعت دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فریئر ہال میں قائم سی ایس ایس کارنر کے دورے کے موقع پر کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس طحہٰ سلیم، زبیر چنا، طارق مصطفی اور سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس خورشید شاہ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے سی ایس ایس کارنر میں شرکت کرنے والے نوجوان طلبہ و طالبات سے بات چیت کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اس موقع سے بھر پور فائدہ اٹھائیں کیونکہ اس کا مقصد آپ کے کیئریر کے حوالے سے مفید معاونت فراہم کرنا ہے اور یہ اپنی نوعیت کی بہترین اسکیم ہے، انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان ہی کل اہم سرکاری عہدوں پر فائز ہونگے اور ملک کی باگ دوڑ سنبھالیں گے، اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی تعلیم حاصل کرکے آپ یہاں تک پہنچے ہیں اب آپ کو یہاں سے مزید آگے قدم بڑھاتے ہوئے سی ایس ایس جیسے مقابلے کے بڑے امتحان میں بیٹھنا ہے لہٰذا اس کی تیاری کو ایک مشن سمجھیں اور جہاں سے بھی اور جتنی بھی مدد اور رہنمائی آپ کو مل سکے حاصل کرنے کی کوشش کریں، انہوں نے کہا کہ اس کارنر میں سابق اور موجودہ بیوروکریٹس اپنے تجربات اور مشاہدات کی روشنی میں شرکاء کی رہنمائی کررہے ہیں جس سے انہیں سی ایس ایس کے امتحان میں کامیاب ہونے میں مدد ملے گی لہٰذا ان تمام سینئرز کا احترام کریں اور ان سے زیادہ سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کریں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا یہ ایک منفرد پروگرام ہے جو بیک وقت دو مقامات پر جاری ہے اور انتظامیہ کی کوشش ہے کہ شہر کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ان سی ایس ایس مراکز تک رسائی کا موقع فراہم کیا جائے تاکہ وہ نوجوان بھی ان کلاسز میں شرکت کرسکیں جو دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر ہیں، انہوں نے کہا کہ سی ایس ایس کارنر کو مزید بہتر اور مفید بنانے کے لئے جو بھی اقدامات ضروری ہوئے کئے جائیں گے اور پوری کوشش ہوگی کہ یہاں آنے والے طالب علموں کو اپنے شعبہ میں مستندحیثیت رکھنے والے سرکاری افسران اور ماہرین سے استفادے کا موقع ملے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ سی ایس ایس کار نر میں شرکت کرنے والے نوجوان اس موقع سے پورا فائدہ اٹھاکر امتحان میں سرخرو ہونگے اور یہ بات ہمارے لئے بھی باعث فخر اور انبساط ہوگی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here