دو ہزارپیس،کے لیووانکیشمنٹ کی ادائیگی کو 2020 میں ہی یقینی بنایا جائے

0
1201

دو ہزارپیس،کے لیووانکیشمنٹ کی ادائیگی کو 2020 میں ہی یقینی بنایا جائے
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) مورخہ 25 نومبر 2020 بروز بدھ بوقت 11بجے جامعہ کراچی کے سبزہ زار پر وبائی مرض کرونا کے تمام ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اور سماجی فاصلہ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک پر امن احتجاجی جلسہ زیر اہتمام ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن منعقد کیا گیا۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نشرواشاعت سید وقار علی نے ایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد اور پالیسی پر روشنی ڈالی اور وضاحت فرمائی کہ کوئی بھی گروپ کامیابی حاصل کرنے کے بعد بحیثیت ایسوسی ایشن اس کی ذمہ داری رہی ہے کہ وہ بلا تخصیص رنگ نسل، تمام عصبیتوں سے بالا تر ہوکر اجتماعی اور جائز مراعات کو تحفظ فراہم کرے اور ہمیشہ اجتماعی مفاد عامہ کو مدنظر رکھ کر قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے اس کی پاسداری کرے نیز جائز اور قانونی مراعات کو جاری رکھنے کیلئے اپنا جمہوری کردار ادا کرے۔
انہو ں نے کہا کہ ہمارا کبھی بھی کسی سے بھی کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہوتا ہے اور نہ ہوگا بلکہ غلط پالیسی اور دوہرے معیار کی درستگی کی کوشش جاری رہے گی ہمیشہ صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہا جائے گا۔ اگر انتظامیہ جائز اور قانونی مراعات کی بحالی کو یقینی بناتی ہے تو ہم ان کی نہ صرف تعریف کریں گے بلکہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے بھی ہوں گے اور اگر کوئی ایسی پالیسی ہوگی جس کے نتیجے میں اجتماعی مفاد عامہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوگا تو پھر آئین اور قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے بھرپور تنقید اور مخالفت کا حق بھی محفوظ رکھتے ہیں۔
لیووانکیشمنٹ کے حوالے سے کہا کہ ہمیں بھی اندازہ ہے کہ کرونا کے باعث فیسوں کی ادائیگی میں تاخیر اور کمی ہوئی ہے اور صوبائی گورنمنٹ کی جانب سے ادائیگی بھی تعطل کا شکار رہی ہے یہی وجہ ہے رمضان گزرے ہوئے 6 ماہ کا عرصہ گزر گیا ہم نے کسی قسم کا کوئی احتجاجی مظاہرہ نہیں کیا اور اجتماعی دباؤ کے باوجود صبر تحمل برداشت اور وسیع القلبی کا مظاہرہ کرتے رہے مگر اب جبکہ نومبر کی 25تاریخ بھی گزر رہی ہے اگر اسی ماہ میں لیووانکیشمنٹ کی ادائیگی کو یقینی نہیں بنایا گیا تو پھر آئندہ سال میں دو ادائگیاں ناممکن ہوجائیں گی اور ادارہ کے معاشی دباؤ میں بھی مزید اضافہ ہوجائے گا اور اب جبکہ ایک خطیر رقوم جامعہ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوچکی ہے، لیووانکیشمنٹ کو ادائیگی کو مزید تاخیر ی حربے استعمال کر کے روکنا نا جائز اور غیر قانونی ہے۔
جلسہ میں ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر محمد فرحان خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بحیثیت منتخب صدر ہمارے دروازے تمام سیاسی پارٹیوں سے وابستہ گروپس کے لئے کھلے ہوئے ہیں اس لئے کہ مادر علمی میں ویلفیئر کی بہت گنجائش ہے مگر سیاست کی نہیں اور چونکہ اجتماعی مفاد عامہ کا معاملہ ہے تو میں درخواست کروں گا کہ اپنے اپنے سیاسی نظریاتی اختلاف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صرف اور صرف ملازمین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں لیووانکیشمنٹ کی ادائیگی کو جلد از جلد یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ ہمیشہ جب کبھی ہم اپنے حقوق کی بحالی کے لئے میدان عمل میں پر امن جدوجہد کا آغاز کرتے ہیں تو کچھ جامعہ کراچی مخالف قوتیں اسے منفی تاثر دینے کی ناکام کوشش کرتی ہیں ارباب اختیار کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ ہم بادلنخواستہ تعلیمی امن مخالف ایجنڈے پر کارفرما ہیں یہ تاثر صراصر بے بنیاد اور من گھڑت ہے اور وہ ادارے جو پروردگار کے حکم سے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ہماری حفاظت کو یقینی بناتے ہیں وہ اتنے ناعاقبت اندیش نہیں ہیں کہ کوئی انہیں گمراہ کرسکے۔ اس طرح کچھ قانون شکن عناصر اداروں کو گمراہ کرنے کی اپنی سی ناکام کوشش کرتے ہیں جو کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ ہم سب با شعور اور تعلیم یافتہ لوگ ہیں ہم کبھی بھی نہیں چاہیں گے کہ تعلیمی ادارہ کا پر امن ماحول خراب ہو اس کی عظمت اور حرفت پر کوئی حرف آئے۔ آخر میں آپ نے وہاں موجود تمام ملازمین جامعہ کی مشترکہ اور متفقہ رائے معلوم کرنے کے بعد ان کے پر امن احتجاج کو مستقل روزانہ کی بنیاد پر انتظامی سبزہ زار میں جاری رہنے کا اعلان کیا اس وقت تک جب تک کہ لیووانکیشمنٹ کی جائز اور قانونی ادائیگی یقینی نہیں بن جاتی۔ اور آخر میں فضا ء پاکستان زندہ باد اور جامعہ کراچی زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here