وفاق نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے 26 نومبر سے 24 دسمبر تک ہوم بیس جبکہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات کا فیصلہ کیا ہے،سعید غنی

0
1305

وفاق نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے 26 نومبر سے 24 دسمبر تک ہوم بیس جبکہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات کا فیصلہ کیا ہے،سعید غنی
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر ) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ وفاق نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے 26 نومبر سے 24 دسمبر تک ہوم بیس جبکہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات کا فیصلہ کیا ہے. کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران حکومت سندھ نے سخت لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا تھا اور اس وقت وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بھی حکومت سندھ کے اٹھائے گئے ان اقدامات پر عمل کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عمران خان نے کہا تھاکہ کورونا ایک عام فلو ہے اور اس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ حکومت سندھ کورونا کے مسئلے پر سنجیدہ ہے اور اپوزیشن کے جلسوں میں بھی عوام کو ماسک پہننے کے ساتھ دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت اپوزیشن کے جلسوں سے گھبرائی ہوئی ہے اس لئے وہ کہتے ہیں کہ اپوزیشن کے جلسوں کی وجہ سے ملک میں کورونا وبا پھیلے گی اگر وفاقی حکومت واقعی کورونا کو لیکر سنجیدہ ہے تو پاکستان ریلوے کی ٹرینیں کیوں چلائی جا رہی ہیں ۔ کورونا صرف جلسوں کی وجہ سے نہیں بلکہ جہاں پر لوگ جمع ہونگے وہاں سے پھیلے گا ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر سعید غنی نے آج سندھ خانزادہ اتحاد ضلع حیدرآباد کی جانب سے دئے گئے استقبالیہ تقریب کے دوران حیدرآباد کے ایک مقامی ہوٹل میں خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے حکومت میں آنے سے قبل ایک کروڑ نوکریاں دینے کی بات کی تھی مگر یہ حکومت ریڈیو پاکستان ، پی ٹی وی ، پی آئی اے ، اسٹیل ملز سمیت دیگر اداروں سے ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے نکال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی طرح حیدرآباد کی عوام نے بھی نفرت کی سیاست کو رد کر کے پی پی پی کو کامیاب کیا ہے اور ہم کسی کے کندھے پر چڑھ کر حکومت میں نہیں آتے ہم عوام کے ووٹ سے الیکشن جیت کر آتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں صاف شفاف انتخابات ہوتے ہیں تو پاکستان پیپلز پارٹی ہی اقتدار میں آئے گی کیونکہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک جمہوریت کے حوالے سے دن بدن پیچھے جا رہا ہے اور یہاں ہمیشہ ہائیبرڈ نظام کے ذریعے ملک کو نقصان دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اگر یہ حکومت عوام کی حکومت ہوتی تو بجلی ، گیس ، آٹا اور چینی کی قیمتیں نہ بڑھتی لیکن یہ حکومت سلیکٹڈ حکومت ہے اس لئے عوام کی خدمت ان کی ترجیح میں ہی شامل نہیں ۔ یہ منحوس حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے اس نے عوام کا جینا اجیرن کر دیا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ گذشتہ لاک ڈاون میں جب وفاقی حکومت نے اسکولز کھولنے کا فیصلہ کیا تھا تو حکومت سندھ کی جانب سے اس فیصلے کی مخالفت کی گئی اور حکومت سندھ نے ایک ہفتہ دیر سے اسکول کھولنے کا اعلان کیا تھا تو کورونا کے حوالے سے حکومت سندھ کے سنجیدہ ہونے میں کوئی شک نہیں ۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں تاریخی دھاندلی کی گئی اور جو پارٹی ایک جلسہ تک نا کر سکی اس کو اکثریت ملی اور سب سے زیادہ ووٹ لینے والی پی پی پی کو کم سیٹیں ملیں اس قسم کے عمل سے عوام کا اعتماد اداروں سے اٹھتا جا رہا ہے اس لئے بہت جلد بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں اس حکومت کو گھر بھیجا جائیگا۔ معیشت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے معیشت پر برے اثر پڑے ہیں لیکن حکومت کے اعداد و شمار بتا رہے ہیں کہ ملک کی تاریخ میں معیشت کا جو حشر اس حکومت نے کہا ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ۔
اس موقع پرپی پی پی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا کہ عمراں خان کنٹینر پر ہوتے تھے تب بھی روتے تھے اور اس وقت بھی رو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اب ایک نیا ڈرامہ رچایا ہے اور وہ کہتے ہیں کہ اپوزیشن کے جلسوں کی وجہ سے کورونا پھیل رہا ہے جبکہ کورونا کی پہلی لہر میں جب حکومت سندھ نے لاک ڈاون کیا تھا تو گورنر اور وفاقی وزراءسندھ کے دورے کر رہے تھے کیا کورونا اس وقت نہیں پھیل رہا تھا ۔ اس موقع پر تقریب میں پیپلز پارٹی کے ایم این اے طارق شاہ جاموٹ ، ایم پی اے اعجاز شاہ بخاری ، پیپلز پارٹی کے رہنما آفتاب خانزادہ ، صغیر قریشی ، پاشا قاضی ، فیاض علی شاہ اور میڈیا کے نمائندوں سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here