ضلع وسطی بلاک این میں سیوریج، سڑکوں کی تعمیر اور اسٹریٹ لائٹ کاکام دوماہ سے التوا کا شکار

0
1508

ضلع وسطی بلاک این میں سیوریج، سڑکوں کی تعمیر اور اسٹریٹ لائٹ کاکام دوماہ سے التوا کا شکار
ستمبر میں شروع کی جانے والی اسکیم دوماہ میں مکمل ہونا تھی، ابھی تک سیوریج لائن کاکام ہی مکمل نہیں ہوسکا
ملحقہ گلیوں کی سیوریج لائنوں، سڑکوں کی تعمیر اور اسٹریٹ لائٹس کا نظام بھی درست کیاجائے، علاقہ مکینوں کا صوبائی وزیربلدیات سے مطالبہ
کراچی:( اسٹاف رپورٹر) کراچی کے ضلع وسطی کے علاقہ نارتھ ناظم آباد میں ستمبر میں شروع کیاجانے والے نکاسی آب، سڑکوں اور فٹ پاتھ کی تعمیر، کرب اسٹون، آئی کیٹ اور اسٹریٹ لائٹ کی تنصیب کا کام گذشتہ دوماہ سے التوا کا شکار ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکین سخت اذیت میں مبتلا اور مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کے علاقہ میں متعدد اسکیمیں جو رواں سال اگست اور ستمبر میں شروع کی گئی تھیں۔ ٹھیکیداروں اور ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور تاخیری حربوں کے باعث التوا کا شکار ہورہی ہیں۔ بلاک این 2K اسٹاپ سے کراچی میڈیکل اینڈڈینٹل کالج جانے والی روڈ کو ستمبر2020 میں نئی سیوریج لائن ڈالنے کے لیئے کھودا گیا تھا، جہاں نکاسی آب کے ساتھ ساتھ دوطرفہ سڑک اور فٹ پاتھ کی تعمیر اور کرب اسٹون، کیٹ آئی اور اسٹریٹ لائٹ کی تنصیب ہوناتھی۔ تاہم کھدائی کے بعد نصف سے زائد پائپ لائن بچھانے کے بعد ٹھیکیدار نے کام روک دیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کے نظام میں خلل اور گردمٹی اور دھول سے قرب و جوار کے مکینوں کو سخت پریشانی اور کوفت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ مذکورہ اسکیم کو دوماہ میں مکمل ہونا تھا تاہم دو ماہ گزرنے کے باوجود بھی ابھی تک صرف سیوریج لائن کا کام ہی مکمل نہیں ہوپایا ہے جس کی وجہ مزیدفنڈز کا ریلیز نہ ہونا بتایا جارہا ہے۔ آئے دن کے حادثات سے انسانی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہورہے ہیں جبکہ دوسری جانب گذشتہ دنوں ملبہ گرنے سے ایک 70سالہ شخص بھی جاں بحق ہوچکا ہے۔ علاقہ مکینوں نے ایڈمنسٹریٹرضلع وسطی، ایڈمنسٹریٹرکراچی، کمشنر کراچی اور صوبائی وزیربلدیات ناصرحسین شاہ سے مطالبہ کیاہے کہ بلاک این، نارتھ ناظم آباد کی اسکیموں کو جلداز جلد مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ گلیوں کی سیوریج لائنوں کو تبدیل، سڑکوں کی تعمیر اور اسٹریٹ لائٹس کا نظام بھی درست کیاجائے اور علاقہ مکینوں کو کرب اور اذیت سے نجات دلائی جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here