معذور افراد کو کارآمد بنانے کے لئے ان کے ساتھ محبت سے پیش آنا چاہئے، افتخار علی شالوانی

0
1122

معذور افراد کو کارآمد بنانے کے لئے ان کے ساتھ محبت سے پیش آنا چاہئے، افتخار علی شالوانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں جنہیں نارمل انداز میں زندگی گزارنے کے لئے ہماری ہر ممکن حوصلہ افزائی اور تعاون کی ضرورت ہے، معذور افراد کو کارآمد بنانے کے لئے ان کے ساتھ محبت سے پیش آنا چاہئے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کوششیں کی جانی چاہئیں، یہ بات انہوں نے پاکستان ڈس ایبلڈ فاؤنڈیشن کے تحت خصوصی افراد کے لئے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ہمیں اس بات کا جائزہ لینا ہوگا کہ معذور افراد کی کیا ضروریات ہیں اور انہیں کس قسم کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تبھی ہم ان کی کارکردگی کے حوالے سے اندازہ لگا سکیں گے، یہ حقیقت بھی ذہن نشین رہنا چاہئے کہ خصوصی افراد بظاہر معذورہیں مگر یہ لوگ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ہم نے یہ دیکھا ہے کہ انہیں جہاں بھی کام کرنے کا موقع دیا گیا وہاں انہوں نے نارمل افراد کے مقابلے میں کہیں بہتر کارکردگی پیش کی ہے، انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے لئے سال بھر کے دوران مختلف دن منائے جاتے ہیں جن میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرنی چاہئے تاکہ ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہو اور یہ تاثر باقی نہ رہے کہ ہمارا معاشرہ معذور افراد کی مدد سے گریز کرتا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ دنیا بھر میں اور خاص طور پر ترقی یافتہ ممالک میں کسی بھی قسم کی جسمانی معذوری میں مبتلا افراد کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی اقدامات کئے جاتے ہیں اور اس کے لئے جدید سائنٹفک ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جاتا ہے، خواہ یہ ان کے لئے مصنوعی اعضاء کی تیاری ہو یا خاص انداز میں تیار کی ہوئی گاڑیاں یا پھر پبلک مقامات اور اہم عمارتوں پر ان کی سہولت کے لئے بنائے گئے ریمپ یا لفٹس ہوں کیونکہ ان کا اصل مقصد معذور افراد کو دیگر نارمل شہریوں کی طرح اپنی زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنا ہوتا ہے، ہمارے ملک میں بھی مخیر حضرات اور فلاحی ادارے اس ضمن میں متحرک ہیں اور خصوصی افراد کی مدد میں پیش پیش ہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ ایک مشترکہ پلیٹ فارم سے خصوصی افراد کے لئے کوششیں کی جائیں اور اس کے لئے ایک مکمل پلان تیار کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا کہ کراچی میں جو ادارے خصوصی افراد کے لئے کام کر رہے ہیں وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی ان کوششوں میں ہر طرح سے ان کے ساتھ ہے اور اس سلسلے میں مزید جو بھی پیش رفت ہوگی اسے ہماری مکمل حمایت حاصل ہوگی، انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ کراچی کے صاحب ثروت لوگ معذور افراد کی فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور یہاں کے لوگوں میں اس کا خصوصی جذبہ پایا جاتا ہے جس کا ثبوت کراچی میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے اداروں کو ملنے والے عطیات ہیں اگر یہی جذبہ برقرار رہا تو یقینا ہم بہت جلد معذور افراد کو درپیش مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، تقریب کے دوران ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے خصوصی افراد میں تحائف بھی تقسیم کئے اور عمدہ کارکردگی کے حامل افراد کو ستائش پیش کی، انہوں نے اس تقریب کو اچھا قدم قرار دیتے ہوئے یہ امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گااور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے ہر سطح پر کوششیں جاری رہیں گی، اس موقع پر منتظمین نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کی پروگرام میں آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان ڈس ایبلڈ فاؤنڈیشن کے تحت خصوصی افراد کے لئے جاری سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here