ڈیو کون کمیونٹی شوٹنگ بال فیسٹیول میچ واحد اسپورٹس کورنگی نے جیت لیا

0
1213

ڈیو کون کمیونٹی شوٹنگ بال فیسٹیول میچ واحد اسپورٹس کورنگی نے جیت لیا
کھیل صحت مند زندگی کا اہم جز ہے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا احسن اقدام ہے۔شہزاد سلیم
ڈیو کون کا کمیونٹی کے باہمی اشتراک معاشرے کی بہتری اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا مثالی کارنامہ ہے۔غلام محمد خان،محمد اخلاق
افتتاحی و اختتامی تقریب سے SHO کورنگی شہزادہ سلیم،KBBA کے صدر غلام محمد خان،سابق ہاکی کوچ محمد اخلاق اور سلیم خمیسانی کا خطاب
کراچی:(اسپورٹس رپورٹر/ طلعت محمود ) واحد اسپورٹس کورنگی کے زیر اہتمام DevCon کے اشتراک سے کورنگی میں کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت “ڈیو کون کمیونٹی شوٹنگ بال فیسٹیول میچ”کا انعقاد کیا گیا فیسٹیول میچ واحد اسپورٹس شوٹنگ بال کلب کورنگی اور ینگ اسٹار شوٹنگ بال کلب کورنگی کے مابین کھیلا گیا،واحد اسپورٹس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیسٹیول میچ 2-1سے جیت لیا،وسیم عباس،رضوان احمد،عبداللہ محمد شمیم، محسن علی، فیضان احمد، عبدالرحیم، محمد اسماعیل اور اسرار نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جس پر شائقین شوٹنگ بال نے بھر پور داد دی۔قبل ازیں فیسٹیول میچ کا افتتاح سابق ہاکی کوچ محمد اخلاق اور KBBA کے صدر غلام محمد خان نے کیا جبکہ اختتامی تقریب میں SHO کورنگی شہزادہ سلیم نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات تقسیم کئے اس موقع پر پاکستان یوگا اسپورٹس فیدریشن کے سیکریٹری جنرل خالد بروہی،سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد،سندھ جوڈو ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد رفیق،سندھ ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نفیس احمد،واحد اسپورٹس کے اعجاز احمد قریشی،قمرالسلام پیارے،گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ سفیر امن اورنگزیب سلطان اور دیگر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ سلیم نے کہاکہ کھیل صحت مند زندگی کا اہم جز ہے کھیلوں کو فروغ دینا نہ صرف احسن اقدام بلکہ اس فروغ دیکر ہم نہ صرف صحت مندمعاشرہ قائم کرسکتے ہیں بلکہ اپنے میدانوں کو آباد کرکے کھیل کے مختلف شعبوں میں ٹیلنٹ کو متعارف کراسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ NGO ڈیو کون کی جانب سے کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت جہاں عوامی شعور کی بیداری کے دیگر پروگرام انجام دیئے جارہے ہیں وہیں کھیلوں کا فروغ بھی یقینی بنا یا جارہا ہے قبل ازیں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سابق ہاکی کوچ محمد اخلاق اور کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان نے کہا کہ ضلع کورنگی کے نوجوان خوش نصیب ہیں کہ انہیں ایک بہترین ایڈمنسٹریشن میسر ہے ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی جن کے پاس ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی کا بھی منصب ہے وہ نہ صرف عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں بلکہ کھیلوں کے فروغ اور میدانوں کو آباد کرنے کے لئے بھی اقدامات کررہے ہیں ہم ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کورنگی شہر یار میمن کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے کھیلوں کے میدانوں کو فعال بنا نے کے لئے ضلع میں اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کررہے ہیں ہمیں امید ہے کہ ڈی سی کورنگی کے ان اقدامات سے نہ صرف ضلع کورنگی میں صحت مند معاشرے کا قیام یقینی ہوگا بلکہ ہم اپنے کھیل کے میدانوں کو فعال اور آباد کرکے کھیلوں کے مختلف شعبوں سے ٹیلنٹ کو بھی سامنے لانے میں کامیابی حاصل ہوگی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here