سماجی فاصلے کے لئے اساتذہ اور طلبہ کو ازخود اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی

0
1399

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اسکولز اور کالجز میں سماجی فاصلے کے لئے اساتذہ اور طلبہ کو ازخود اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تعلیمی اداروں کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ تمام ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز کراچی کے علاقے ملیر میں اے آر جی گورنمنٹ ڈگری کالج رزاق آباد اور گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز پرائمری اسکول رزاق آباد اور بعد ازاں ٹھٹھہ میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کا اچانک دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے ملیر کے علاقے رزاق آباد میں کالج میں ایس او پیز اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے کلاسوں میں جاری تدریسی عمل کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کالج پرنسپل اور تمام اساتذہ کو ہدایات دی کہ وہ بات کو یقینی بنائیں کہ وہ خود بھی تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کریں اور طلبہ و طالبات سے بھی عمل کرائیں۔سعید غنی نے بعد ازاں گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز پرائمری اسکول رزاق آباد کا دورہ کیا اور وہاں کلاسوں میں سماجی فاصلہ کے فقدان پر متعلقہ پرنسپل کو ہدایات جاری کی۔انہوں نے کہا کہ اگر بچے زیادہ ہیں تو انہیں شفٹوں اور متبادل دنوں میں بلایا جائے۔صوبائی وزیر سعید غنی نے اسکول میں متعدد بچوں کے پاس ماسک نہ ہونے پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور اپنے ہاتھوں سے بچوں کو ماسک تقسیم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول پرنسپل کو ہدایات دی کہ اسکول میں تمام ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ٹھٹھہ کے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول پہنچ گئے۔ صوبائی وزیر نے اسکول میں جاری تدریسی عمل کا جائزہ لیااور اسکول میں سینیٹائزر، ماسک اور دیگر ایس او پیز پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا البتہ اسکول میں صفائی کے فقدان پر برہمی کا اظہار کیا۔سعید غنی نے اسکول کے پرنسپل اور اساتذہ کو ہدایات دی کہ کلاسوں میں سماجی فاصلے کا فقدان ہے اس کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے اور تمام اساتذہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تدریسی عمل سے قبل 2 سے 3 منت تک بچوں کو ایس او پیز کے حوالے سے آگاہی فراہم کریں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اساتذہ اپنی ڈیوٹیوں پر ہر صورت حاضر رہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here