انڈر 25 سندھ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ ، سینٹرل اور سائوتھ کی مسلسل دوسری کامیابی
ڈسٹرکٹ ملیر اور ایسٹ کو مسلسل دوسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ، انس صدیقی ، محمد زین اور عاشر احمد دو، دو گول بناکر نمایاں رہے
دوسرے روز سرسید یونیورسٹی کے قائم مقام کنوینئر اسپورٹس قاضی نصر عباس مہمان خصوصی تھے
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) انڈر 25 سندھ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ کے دوسرے روز مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا ، ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ سائوتھ کی مسلسل دوسری کامیابی، ڈسٹرکٹ ملیر کو سینٹرل کے ہاتھوں 4-1 اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کو سائوتھ کے ہاتھوں 6-3 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ، سینٹرل کے انس صدیقی اور سائوتھ کے محمد زین دو ، دو گول اسکور کرکے نمایاں رہے ، دوسرے دن پہلے میچ کے مہمان خصوصی سرسید یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے قائمقام کنوینئر اسپورٹس قاضی نصر عباس تھے مہمان خاص کا تعارف کھلاڑیوں سے کروایا گیا اس موقع پر ٹورنامنٹ کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر سابق انٹر نیشنل امپائر محسن علی خان نے مہمان خصوصی کو اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی ۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں جاری چیمپئن شپ کے دوسرے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں ڈسٹرکٹ سینٹرل نے مد مقابل ڈسٹرکٹ ملیر کو 4-1 سے شکست دیدی ، فاتح ٹیم کی جانب سے انس صدیقی نے دو گول اسکور کئے انہوں نے میچ کے 33 اور 39 ویں منٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا جبکہ محمد ارسلان نے چھٹے اور سید محمد سعد علی 44 ویں منٹ میں گیند کو جال کی نظر کیا ۔ شکست خوردہ ٹیم کا واحد گول عیسی خان نے کھیل کے 58 ویں منٹ میں اسکور کیا ۔ دوسرے میچ کے مہمان خصوصی نعیم حیدر تھے ، دوسرے میچ میں ڈسٹرکٹ سائوتھ نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کو تین کے مقابلے چھے گول سے شکست دیدی ، فاتح ٹیم کیلئے محمد زین نے دو گول اسکور کئے انہوں نے 12 ویں اور 14 ویں منٹ میں گول بنائے جبکہ ارسلان علی ، غلام علی ، علی عاصم بھٹی اور شارب منظر نے ایک ، ایک گول بالترتیب 17 ویں ، 20 ویں ، 40 ویں اور 55 ویں منٹ میں اسکور کئے۔ ناکام ٹیم کی جانب سے عاشر احمد نے دو گول 13 ویں اور 25 ویں منٹ جبکہ سید اسامہ نے 50 ویں منٹ میں ایک مرتبہ گیند کو جال کی نظر کیا۔ ان میچوں میں شاہد پرویز ، فہد علی خان ، فرحان خان ، ندیم سعید اور کامران اطہر نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے جبکہ مزمل حسین ، سید اسد ظہیر اور طارق خان نے ٹیکنیکل آفیشلز کے فرائض نبھائے۔