کھینجر جھیل میں کشتی الٹنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے ان کے گھرپہنچ گئے

0
2030

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے منگل کے روز کھینجر جھیل میں کشتی الٹنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے ان کے گھرپہنچ گئے.صوبائی وزیر نے جاں بحق ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی اور ان کی مغفرت کے لئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ ناقابل فراموش ہے اور اس سانحہ نے پورے شہر کو غمزدہ کردیا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ ایک ہی خاندان کے 10 افراد کی موت ایک بڑا سانحہ ہے۔ہم مرحومین کے لئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے، اللہ تعالی مرحومین کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔ بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی نے مرحومین کی تدفین کے لئے فوجی قبرستان میں جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایات دی کہ تدفین کے لئے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ سانحہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے اوراس سانحہ کے ذمہ دار کشتی والے کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تفریحی مقامات پر رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مچھلی کے شکار کرنے والی کشتیوں کو استعمال کیا جارہا تھا۔ہم نے کھینجر جھیل پر تمام کشتیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ جبکہ اس پورے سانحہ کی شفاف تحقیقات کا وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی حکم دے دیا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ آئندہ اس قسم کا کوئی واقعہ رونما نہ ہو اس کے لئے بھی سخت اقدامات کی ہدایات متعلقہ ایڈمنسٹریشن کو جاری کردی گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ عوام سے بھی درخواست ہے کہ اس طرح کی تفریح گاہوں پر اس طرح کی کشتیوں میں سوار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مرحومین کی فوجی قبرستان میں تدفین کے لئے وہاں کی انتظامیہ کی جانب سے تعاون پر ان کا شکرگزار ہوں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here