پاکستان فیڈریشن بیس بال کا ملک بھر میں یوتھ بیس بال اکیڈیمیز کے قیام کا اعلان

0
1499

پاکستان کی مختلف ایج کیٹیگریز کی یوتھ ٹیمیں باقاعدگی سے انٹر نیشنل مقابلوں میں شرکت کررہی ہیں۔کورونا سے نقصان کا ازالہ کے لیئے اکیڈمیز کا قیام ناگزیر ہے۔سید فخر علی شاہ
کوٹری/عائشہ ارم) پاکستان فیڈریشن بیس بال نے ملک بھر میں یوتھ بیس بال اکیڈیمیز کے قیام کا اعلان کردیا۔ اس ضمن میں پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے فیڈریشن کے میڈیا مینیجر پرویز احمد شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیس بال پاکستان کے مقبول ترین کھیلوں میں شامل ہوچکا ہے اور یہ کھیل اب پاکستان میں اسکول، کالج اور یونیورسٹی لیول پر بھی کھیلی جارہی ہے اور انکے باقائدہ کیلینڈر میں شامل ہے۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی مختلف ایج کیٹیگریز کی یوتھ ٹیمیں یعنی انڈر 12، انڈر 15اور انڈر 18کی ٹیمیں باقاعدگی کے ساتھ انٹر نیشنل مقابلوں میں شرکت کررہی ہیں۔ پچھلے سال چائنا میں کھیلی گئی انڈر 15ایشین بیس بال چیمپئن شپ میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے ایشیا کے ٹاپ کھلاڑیوں کی موجودگی میں انفرادی ایوارڈز حاصل کئے تھے جس میں پاکستان کے کیچر سید محمد شاہ نے بیسٹ ہٹر ایوارڈ جبکہ ذیشان امین نے بیسٹ آؤٹ فیلڈر اور بیسٹ ہوم رن کے ایوارڈ حاصل کئے تھے جو کہ ہمارے اور حکومت پاکستان اور متعلقہ صوبائی حکومتوں کے لیئے باعث فخر ہے۔سید فخر شاہ کا کہنا ہے کہ فیڈریشن پچھلے دس سال سے ملک میں یوتھ بیس بال کی ڈیویلپمنٹ کے لئے کام کررہی تھی لیکن کرونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں بیس بال کی سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے یوتھ ڈیویلپمنٹ کا کام رک گیاہے۔ اس سال پاکستان کی انڈر12اور انڈر18ٹیموں نے ایشین بیس بال چیمپئن شپس تائیوان میں شرکت کرنی ہے اور اگر کرونا کی وجہ سے یہ ایونٹس مزید لیٹ ہوتے ہیں یا ملتوی ہوجاتے ہیں تو یوتھ بیس بال کو بہت نقصان ہوگا۔ اس نقصان سے بچنے کے لئے فیڈریشن مختلف شہروں میں یوتھ بیس بال اکیڈمیز قائم کرے گی جہاں کوالیفائیڈ کوچز کی زیر نگرانی نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کی جائے تاکہ مستقبل کے لئے اچھے کھلاڑی تیار ہوسکیں۔انہوں نے مذید بتایا کہ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین شوکت جاوید صاحب کی ہدایات کے مطابق پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں نئی اکیڈمیز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں عیدالاضحی کے بعد تین ماہ کے اندر اوکاڑہ، فیصل آباد، بہاولپور، گوجرانوالہ، جھنگ، پھول نگر(قصور)، کوئٹہ اور حیدرآباد میں بیس بال اکیڈمیز کھولی جائیں گی اور بعد ازاں اس عمل کے دائرہ کار میں توسیع کی جائیگی۔تاہم ہاؤسنگ سوسائیٹیز کو بھی اپنے رہائشیوں کو اسپورٹس کی سہولت فراہم کرنی چاہیے اور اگر کسی سوسائٹی میں یا کسی بھی جگہ کوئی بیس بال اکیڈمی شروع کرنا چاہتا ہے یا بیس بال کے لئے کوئی جگہ مختص کرنا چاہتا ہے تو فیڈریشن اکیڈمی کے لئے کوچ اور بیس بال کا سامان مہیا کرے گی۔دریں اثناء سندھ بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر انجینیئر محمد محسن خان، نائب صدر پرویز احمد شیخ،وومین سیکریٹری عائشہ ارم اور دیگر نے فیڈریشن کی جانب سے یوتھ اکیڈمیز کے قیام کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here