پاکستان فیڈریشن بیس بال کے تحت اوکاڑہ میں یوتھ بیس بال اکیڈمی کا افتتاح 9 اگست کو ہوگا۔شوکت جاوید

0
1142
پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین شوکت جاوید ملک بھر میں یوتھ بیس بال اکیڈمیز کے قیام کا اعلان کررہے ہیں

پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین کا وڈیو پیغام میں اعلان،صدر سید فخر علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔
لاہور(اسٹاف رپورٹر) پاکستان فیڈریشن بیس بال کی جانب سے عیدالاضحی کے بعد ملک بھر میں یوتھ بیس بال اکیڈمیز کے اعلان کے تحت اکیڈمیز کھولنے کا افتتاح اوکاڑہ سے ہوگا۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین شوکت جاوید نے وڈیو لنک کے زریعے پیغام میں اعلان کرتے ہوئے ابتدائی شیڈول بھی جاری کردیا۔،صدر سید فخر علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اوکاڑہ میں یوتھ بیس بال اکیڈمی کا افتتاح 9 اگست کو ہوگا۔انکا کہنا ہے کہ بیس بال پاکستان کے مقبول ترین کھیلوں میں شامل ہورہا ہے اور اب پاکستان میں بھی بیس بال اسکول، کالج اور یونیورسٹی لیول پر کھیلی جارہی ہے۔ پاکستان کی مختلف ایج کیٹیگریز کی یوتھ ٹیمیں باقاعدگی کے ساتھ انٹر نیشنل مقابلوں میں شرکت کررہی ہیں جن میں انڈر 12، انڈر 15اور انڈر 18کی ٹیمیں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیس بال اکیڈمی کراچی کے قیام اور افتتاح کی تاریخوں اور اکیڈمی کے وینیو کا اعلان سینیئر نائب صدر پی ایف بی و صدر سندھ بیس بال ایسوسی ایشن محمد محسن خان کریں گے۔سید فخر شاہ کے مطابق فیڈریشن پچھلے دس سال سے ملک میں یوتھ بیس بال کی ڈیویلپمنٹ کے لئے کام کررہی تھی لیکن کرونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں بیس بال کی سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے یوتھ ڈیویلپمنٹ کا کام رک گیاہے۔ اس سال پاکستان کی انڈر12اور انڈر18ٹیموں نے ایشین بیس بال چیمپئن شپس میں شرکت کرنا ہے اور اگر کرونا کی وجہ سے یہ ایونٹس مزید لیٹ ہوتے ہیں یا ملتوی ہوجاتے ہیں تو یوتھ بیس بال کو بہت نقصان ہوگا۔
سید فخر علی شاہ نے بتایا کہ میری فیڈریشن کے چیئرمین شوکت جاوید صاحب کے ساتھ ویڈیو لنک میں اس مسئلے کے حوالے سے گفتگو ہوئی جس کے بعد انہوں۔نے اس مسئلے پر پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں یوتھ بیس بال اکیڈمیز قائم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ شوکت جاوید کے مطابق چونکہ کرونا وائرس کی وجہ سے بیس بال کی ایکٹویٹیز رکی ہوئی ہیں اور کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لئے کیمپس بھی نہیں لگائے جارہے تو بہتر ہوگا کہ مختلف شہروں میں بیس بال کی اکیڈمیز قائم کی جائیں جہاں کوالیفائیڈ کوچز کی زیر نگرانی نوجوان کھلاڑی اپنی ٹریننگ کریں تاکہ اس وبا کے خاتمے کے بعد جب ٹورنامنٹس کی نئی تواریخ کا اعلان ہوتو ہمارے پاس تیار کھلاڑی موجود ہوں جن میں سے بہترین کھلاڑی سلیکٹ کرکے ہم ایونٹ میں شرکت کرسکیں۔شوکت جاویدکا مزید کہنا تھا کہ اوکاڑہ میں پہلی بیس بال اکیڈمی کا افتتاح کے سلسلے میں ضلع اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے نائب صدر محمد حمود لکھوی کی زیرنگرانی یہ بیس بال اکیڈمی قائم کی جائے گی۔ اس کے بعد اگلے تین ماہ کے اندر فیصل آباد، جھنگ، گوجرانوالہ، بہاولپور، حیدرآباد اور کوئٹہ میں بھی یوتھ بیس بال اکیڈمیز قائم کردی جائیں گی۔ یاد رہے کہ لاہور میں بحریہ ٹاؤن کے تحت یوتھ بیس بال اکیڈمی پہلے سے ہی کام کررہی ہے جس میں ٹریننگ حاصل کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں نے کئی انٹر نیشنل مقابلوں میں حصہ لیا ہے اور ملک وقوم کانام روشن کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here