خواتین کی صلاحیتیں بین الاقوامی سطح پر ثابت ہیں

0
1991

گلوبل ومن بریک فاسٹ کے موقع پر بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی میں خواتین سائینسدانوں کا خطاب
خواتین کو با اختیار کرنے کی ضرورت ہے، خواتین کسی بھی صورت میں مردوں سے کم نہیں ہیں

کراچی۔ گلوبل ومن بریک فاسٹ2020 کے موقع پر ملکی و غیر ملکی خواتین سائینسدانوں نے کہا ہے کہ خواتین کی صلاحیتیں بین الاقوامی سطح پر ثابت ہو چکی ہیں، ملک میں خواتین کو با اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ترقی کی رفتار میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکے، صلاحیتوں کے اعتبار سے خواتین کسی بھی صورت میں مردوں سے کم نہیں ہیں۔
یہ بات انھوں نے بدھ کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ملٹی پرپز ہال میں ”گلوبل ومن بریک فاسٹ2020“اور ”سائینس سے وابستہ خواتین اور لڑکیوں کے عالمی دن“ کے موقع پر منقدہ ایک نشست کے دوران کہی۔ اس نشست میں بین الاقوامی مرکز کی سینئر پروفیسر اور او ڈبیلو ایس ڈی(OWSD)پاکستان چیپٹر کی سربراہ ڈاکٹر بینا صدیقی، پی سی ایس آئی آر کراچی کی ڈائریکٹر پلاننگ ڈاکٹر شہناز پروین، پروفیسر درخشان حلیم، ڈاکٹر فرزانہ شاہین، ڈاکٹر عصمت سلیم، ڈاکٹرشبانہ سمجی، ڈاکٹر عطیۃ الوہاب، ڈاکٹر ثمر یوسف، ڈاکٹر حنا صدیقی اور چینی اسکالر ڈاکٹر ین وینگ سمیت ادارے کی دیگر خواتین سائنسدانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سینئرپروفیسر ڈاکٹر خالد ایم خان بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا مقصد خواتین کو نہ صرف سائنس اور ٹیکنالوجی بلکہ کیمیاء کے شعبے میں بھی صاحبِ اختیار کرنا ہے۔
پروفیسر بینا صدیقی نے کہا پاکستان میں خواتین بہتر قائدانہ صلاحیت رکھتی ہیں، انہوں نے او ڈبیلو ایس ڈی کے متعلق بتایا کہ یہ ادارہ ترقی پذیر دنیا میں خواتین کو سائینس اور تحقیق کے شعبے میں تربیت فراہم کررہا ہے، انھوں نے کہا پاکستان میں خواتین کو یکجا ہوکر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر شہناز پروین نے کہا اس سال گلوبل بریک فاسٹ کا موضوع ”مستقبل کے قائدین کی تشکیل کے لیے اتحاد قائم کرنا“ ہے، انہوں نے کہا خواتین کو بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، پروفیسر خالد ایم خان نے کہا آج کا دن عالمی سطح پر منایا جارہا ہے جس کی بہت زیادہ اہمیت ہے، مجھے فخر ہے کہ میں ایک خاتون سائینسدان کا شوہر ہوں، ڈاکٹر حنا صدیقی نے شرکا کو بتایا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری صاحب بین الاقوامی مرکز میں خواتین کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتے ہیں جبکہ انہیں سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ہمشہ سرگرم رہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایک پروگرام کے تحت بین الاقوامی مرکز افریقی ممالک کی خواتین کو خصوصی تحقیقی تربیت فراہم کرتا ہے۔ واضح رہے کہ گلوبل ومن بریک فاسٹ2020 میں تین سو سے زیادہ خواتین اسکالرز نے شرکت کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here