وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے بدھ کے روز تعلیمی اداروں کے کھلنے کے دوسرے روز ڈسٹرکٹ کورنگی کی مختلف سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجز کا اچانک دورہ کیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے بدھ کے روز تعلیمی اداروں کے کھلنے کے دوسرے روز ڈسٹرکٹ کورنگی کی مختلف سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجز کا اچانک دورہ کیا اور وہاں کرونا وائرس کے بعد کھلنے والے تعلمی اداروں میں جاری کردہ ایس او پیز کے حوالے سے معلومات حاصل کی۔ صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں ایس او پیز کے ساتھ ساتھ والدین اور اساتذہ مل جل کر کرونا سے بچاؤ اور تعلیمی سلسلہ کو جاری رکھنے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے بدھ کے روز صبح 8 بجے ڈسٹرکٹ کورنگی میں ناصرہ ایجوکیشن ٹرسٹ کی دارالسلام سوسائٹی میں قائم کیمپس کا دورہ کیا اور وہاں ایس او پیز اور قائم ہیلتھ ڈیسک کا معائنہ کیا بعد ازاں انہوں نے جاری تدریسی نظام کا دورہ کیا اور طلبہ و طالبات سے ایس او پیز کے حوالے سے سوالات کئے۔ صوبائی وزیر نے اسی سوسائٹی میں قائم بیکن ہاؤس کے کیمپس کا دورہ کیا اور وہاں جاری تدریسی عمل اور طلبہ و طالبات کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کورنگی نمبر ڈھائی پر قائم گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج کا بھی اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران کالج پرنسپل کی غیر حاضری اور کالج میں مکمل ایس او پیز نہ ہونے پر انہوں نے وہاں موجود اسٹاف کی سرزرش کی۔ انہوں نے فوری طور پر سیکرٹری کالج کو فون پر ہدایات دی کہ وہ اس کالج میں مکمل ایس او پیز اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور پرنسپل سمیت تمام اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنائیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج اور گورنمنٹ کمپرہینسیو ہائی سیکنڈری اسکول کورنگی ڈھائی کا بھی دورہ کیا اور اسکول میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر اسکول پرنسپل کی سرزرش کی اور فوری طور پر اسکول کی صفائی ستھرائی اور اسکول میں اسپرے کے احکامات دئیے اس دوران صوبائی وزیر نے اسکول میں زیر تعلیم طالبات اور اساتذہ کو بھی ہدایات دی اور انہیں مکمل ایس او پیز پر عمل درآمد کی تلقین کی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے کورنگی نمبر 4 میں المصطفیٰ ویلفئیر کے زیر اہتمام قائم اسماعیل اکیڈمی اور اس سے ملحق صبا گرامر ہائی اسکول کا بھی دورہ کیا اور اسکول انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر انہیں سراہا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے سیٹزن فاؤنڈیشن اسکول کا دورہ کیا اور وہاں کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین، کورنگی نمبر 4 کا دورہ کیا۔ اس سوران کالج کے باہر درجنوں طالبات کے کھڑے ہونے کا انہوں نے نوٹس لیا اور پرنسپل کو ہدایات دی کہ داخلہ یا کسی اور کام سے اگر کوئی طالبات آتی ہیں تو انہیں کالج کے باہر کھڑے کرنے کی بجائے کالج کے اندر لاکر بٹھایا جائے، اس موقع پر صوبائی وزیر کے کالج کے باہر غیر قانونی تعمیرات پر فوری طور پر ڈپٹی کمشنر کورنگی کو ہدایات دی کہ ان تمام تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ انہوں نے ڈی سی کورنگی کو ہدایات دی کہ کورنگی ڈھائی نمبر پر گرلز کالج کے باہر غیر قانونی ریتی بجری کے کام کا بھی خاتمہ کرایا جائے اور جو بھی اس میں ملوث ہے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ صوبائی وزیر نے اپنے دورے کے دوران تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کی انتظامیہ اور وہاں کے اسٹاف کو ہدایات دی کہ اسکولوں میں جاری ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جائے اور طالبعلم کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ بھی ماسک کی لازمی پابند کرے۔ انہوں نے ہدایات دی کہ تمام اسکولوں میں اور ممکن ہو تو ہر کلاس روم میں سینیٹائزر کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور کم از کم ہفتہ میں دو سے تین بار پوری اسکول اور تمام کلاس رومز میں اسپرے کو یقینی بنایا جائے۔