Karachi Metropolitan Corporation News

میئر کراچی وسیم اختر نے شہر میں صفائی ستھرائی اور آلائشیں اٹھانے کا جائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا.

کراچی (طلعت محمود/اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے شہر میں صفائی ستھرائی اور آلائشیں اٹھانے کا جائزہ لینے کے لئے عید کے پہلے اور دوسرے روزشہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور آلائشیں اٹھانے کے آپریشن کا جائزہ لیا، میئر کراچی نے کہا کہ ضلع شرقی اور ضلع کورنگی میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر رہی لیکن ضلع وسطی اور غربی میں آلائشیں اٹھانے کا عمل بہتر نہیں تھا، ضلع وسطی اور غربی میں اندرون گلیوں سے منتخب نمائندوں نے آلائشیں اٹھانے میں مدد فراہم کی، انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ وسیٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ ساتھ منتخب نمائندے بھی صفائی ستھرائی کے کاموں میں مصروف رہے، اس موقع پر ضلع کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا اور ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور بھی ان کے ہمراہ تھے، شاہ فیصل کالونی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ شاہ فیصل کالونی، کورنگی اور دیگر علاقوں میں جانوروں کی آلائشیں کے انتظامات دوسرے ضلعوں کی نسبت بہتر ر ہے لیکن ڈمپر، لوڈرز اور دیگر مشینری کی کمی کے باعث ٓالائشیں اٹھانے کا آپریشن سست روی کا شکار رہا، نالوں کی صفائی کے لئے این ڈی ایم اے اور فوج کو بلایا گیا ہے، کے ایم سی کے پاس وسائل ہوتے تو ہم نالوں کو صاف کرکے دکھاتے، این ڈی ایم اے کراچی کے تین بڑے نالوں کو صاف کرے گی، جس پر کام کا آغاز پیر کے روز سے شروع کردیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی ناقص کارکردگی کے باعث کراچی کے شہریوں کوپہلے بارش کے دنوں میں اور اب عید کے موقع پر تکالیف کا سامنا کرنا پڑا ہے، انہوں نے کہا کہ سالڈ وسیٹ نے یہ ذمہ داری لی تھی اور دو ہفتے قبل وزیر بلدیات کے گھر پر میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ آلائشوں کو اٹھانے کے لئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کام کرے گا، کراچی میں پہلے ہی ٹرانسپورٹ، صحت اور سڑکوں کی سہولتیں نہیں ہیں، ان مسئلوں کو حل کرنے کے لئے تمام لوگوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا، جب تک لینڈ فل سائیٹ پر کچرے کا ڈسپوزل ٹھیک نہیں ہوگا یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ کچرے کے باعث شہر میں بیماریاں بڑھ گئی ہیں جبکہ کتوں، چیلوں اور گدھوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے، میئر کراچی نے عید کے دوسرے روز ضلع وسطی اور ضلع غربی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، ضلع غربی کے چیئرمین اظہار احمد خان، وائس چیئرمین ضلع وسطی سید شاکر علی، شیخ صلاح الدین اور زاہد منصوری بھی ان کے ہمراہ تھے، ا س موقع پر میئر کراچی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے جو ہدایات دی تھیں ان پر عمل نہیں ہوا، کچرا عید سے پہلے نہیں اٹھایا جاسکا، سالڈ ویسٹ نے ضلع وسطی کو مکمل مشینری نہیں دی، محکمے اپنا کام نہیں کرتے الزام ہم لوگوں پر آتا ہے، ضلع وسطی پر توجہ دینی چاہئے تھی، اگر وزیر بلدیات کی بات نہیں مانی جاتی تو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو بند کردیں پھر یہ کس بات کا بورڈ ہے، عید کے موقع پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا محکمہ کہیں نظر نہیں آیا، بیوروکریٹ عید منا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ شکایات ضلع غربی سے آئی ہیں اور عید کے دونوں دن لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس موقع پر ضلع غربی کے چیئرمین اظہار احمد خان نے میئر کراچی کو بتایاکہ اورنگی ٹاؤ ن کے علاقے کی گلی گلی میں آلائشیں پڑی ہیں اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ہم سے تعاون نہیں کررہا اور مشینری فراہم نہیں کی گئی، میئر کراچی نے کہا کہ اگر علاقے صاف نہ کئے گئے اور آلائشیں بروقت نہ اٹھائی گئی تو 7 اگست سے متوقع بارشوں سے علاقوں کی صورتحال مزید خراب ہوجائے گی اور علاقوں میں بیماریاں پھیلے گئیں، جس کے نتائج شہریو ں کو بھگتنے پڑیں گے۔اگر ایک دوسرے کے معاملات میں دخل اندازی ہوگی تو مسائل پیدا ہو ں گے۔

LEAVE A RESPONSE

Your email address will not be published. Required fields are marked *

REGISTERED NOW