Sports

قلندر پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کراچی قلندر ہاکی ٹیم کے اوپن ٹرائلز کے لئے ایک ہزار سے زیادہ کھلاڑی کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس پہنچ گئے

قلندر پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کراچی قلندر ہاکی ٹیم کے اوپن ٹرائلز کے لئے ایک ہزار سے زیادہ کھلاڑی کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس پہنچ گئے،
شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندر کی ٹیم کا کے ایچ اے کا دورہ،
عاطف رانا، صوبائی وزیر سعید غنی اور حیدر حسین کے ہمرہ شاہین آفریدی نے گراؤنڈ کا چکر لگایا، نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ہاکی بھی کھیلی
نوجوان کھلاڑیوں کا جوش اور تعداد دیکھ کر عاطف رانا نے ٹرائلز میں ایک دن کی توسیع کردی
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) لاہور قلندر نے جو کہا اس کا آغاز بھی کردیا، لاہور قلندر کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کی ہدایات پر کراچی قلںدر ہاکی ٹیم کے ایک روزہ اوپن ٹرائلز میں پہلے ہی روز ایک ہزار سے زیادہ نوجوان کھلاڑی ٹرائلز دینے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس پہنچ گئے، صبح 9 بجے شروع ہونے والی رجسٹریشن ٹرائلز کے آخری لمحات تک جاری رہی، کھلاڑیوں کا جوش اور بڑی تعداد کے باعث عاطف رانا نے فائنل ٹرائلز کے لئے ایک دن کی توسیع کردی، عاطف رانا کا کہنا تھا کہ کراچی والوں میں امید سے زیادہ جوش نے مجھے حیران کردیا ہے، ایک دن کی توسیع نہ کرنا کھلاڑیوں کے ساتھ نا انصافی ہوگی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری نے جس جوش اور جذبے کا اظہار کیا تھا یہاں کھلاڑیوں کی تعداد دیکھ کر وہ درست ثابت ہوا، کراچی کے بعد لاہور، پشاور اور کوئیٹہ میں بھی اوپن ٹرائلز کا انعقاد کریں گے، کرکٹ کی طرح قلندر پیلئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہاکی میں بھی گمنام ہیروز کو سامنے لانے کا مشن شروع ہوگیا ہے، اپنے پروگرام کے تحت کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کا موقع فراہم کریں گے،
صوبائی وزیر محنت و لیبر سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ لاہور قلندر فیڈریشن اور حکومت کا کام کررہا پے، ہاکی ہم سب کا کھیل ہے لیکن بدقسمتی سے یہ بہت پیچھے چلا گیا ہے تاہم یقین ہے کہ لاہور قلندر کرکٹ کی طرح ہاکی کو بھی بام عروج پر لے جائے گی، شاہین شاہ آفریدی کا اپنی ٹیم کے ساتھ کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس آنا مسرت کا باعث ہے، شاہین شاہ اور ان کے ساتھیوں کی آمد سے قومی کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، سندھ حکومت ہاکی کو سپورٹ کرنے میں سب سے آگے ہے، سندھ حکومت عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کرنے جارہی ہے۔ جبکہ ہاکی فیڈریشن کو سالانہ گرانڈ قومی فریضہ سمجھ کر دے رہی ہے،
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے لاہور قلندر اور سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا، حیدر حسین نے کہا کہ ہاکی کی بحالی کے لئے لاہور قلندر امید کی آخری کرن ہے، کراچی لاہور سیریز کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے تاہم اب ہر بڑے شہر میں قلندر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد ہوگا، دعا ہے کہ لاہور قلندر اور عاطف رانا کی محنت رنگ لائے اور ہاکی کے میدان میں ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم سب سے بلند نظر ائے، صوبائی وزیر سعید غنی کا لاہور قلندر کو کراچی لانے میں اہم کردار ہے، سندھ حکومت گرانڈ نہ دے اور ہاکی کو سپورٹ نہ کرے تو شاید کوئی ہاکی کا نام بھی نہ لے، اگر آج ہاکی فیڈریشن کام کررہی ہے تو اس میں سب سے اہم کردار سندھ حکومت کا ہے جس پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ اور سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر حافظ عبدالہادی بلو کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ٹرائلز کی نگرانی پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اولمپیئن کلیم اللہ دیگر ارکان اولمپیئن ناصرعلی، اولمپیئن شکیل عباسی اور محمد نعیم خان کے ہمرہ خود کررہے ہیں۔
لاہور قلندر کی ٹیم شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس پہنچی تو کھلاڑیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، کھلاڑیوں نے لاہور قلندر کی ٹیم کی آمد کو اپنے لئے ایک یاد گار لمحہ قرار دیا، اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے عاطف رانا، حیدر حسین کے ہمرہ گراؤنڈ کا چکر لگایا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ہاکی بھی کھیلی، لاہور قلندر کے کپتان نے کہا معلوم نہیں تھا کہ ٹرائلز کے لئے اتنے کھلاڑی آجائیں گے، کراچی والوں نے ثابت کردیا ہاکی کو کوئی ختم نہیں کرسکتا
اس موقع پر اولمپیئن حنیف خان، کے ایچ اے کے سرپرست اعلی و نائب صدر پی ایچ ایف میجر جنرل ریٹائرڈ طارق حلیم سوری، چیئرمین گلفراز خان، لاہور قلندر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ڈائریکٹر و ہیڈ کوچ سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید، منیجر ثمین رانا، سمیت کے ایچ اے کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے

LEAVE A RESPONSE

Your email address will not be published. Required fields are marked *

REGISTERED NOW