ممبا اسکواڈ عیسیٰ لیب 2022 کی چمپئن بن گئی،فائنل میں کراچی باسکٹ بال کلب کو شکست

0
1051

ممبا اسکواڈ عیسیٰ لیب 2022 کی چمپئن بن گئی،فائنل میں کراچی باسکٹ بال کلب کو شکست
انسانیت کی خدمت اور فروغ کھیل میں ڈاکٹر فرحان عیسیٰ کا کرادر لائق تحسین ہے۔ایاز منشی
ڈاکٹر فرحان عیسیٰ کی بے مثال خدمات پر قومی اعزاز سے نوازا جائے۔ غلام محمد خان،سلیم خمیسانی،محمد ارشد اور دیگر کا صدر پاکستان سے اپیل
پروقار اختتامی تقریب میں کے ڈی اے کے ڈائریکٹر اسپورٹس ایاز منشی نے فاتح رنر اپ ٹیموں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات تقسیم کی.
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) عثمان باسکٹ بال کلب ڈسٹرکٹ سینٹر ل کے زیر اہتمام ممتاز طبی ادارے عیسیٰ لیبارٹریز اینڈ ڈائیگنو سٹک سینٹر کے اشتراک سے انٹر نیشنل عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ آرام باغ کراچی کھیلے گئے “چھٹا عیسیٰ لیب ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ 2022؁ء “کا ٹائٹل ممبا اسکواڈ باسکٹ بال کلب نے جیت لیا،فائنل کے گھمسان جنگ میں کراچی کے معروف اور مضبوط ٹورنامنٹ کی ہارٹ فیورٹ ٹیم کراچی باسکٹ بال کلب کو سخت مقابلے کے بعد 40 کے مقابلے میں 52 باسکٹ پوائنٹس سے شکست دیکر ممبا اسکواڈ عیسیٰ لیب چمپئن بن گئی۔فاتح کلب کی جانب سے کینتھ ڈیرک جانسن 17،طحہ محمد 16اور نعمان احمد اعوان نے 12جبکہ رنر اپ کلب کی جانب سے راج کمار لکھوانی 14،زین تنویر 12اور اسد امام 10باسکٹ اسکور کرکے نمایاں کھلاڑی رہے۔میچ میں ریفریز کے فرائض،طارق حسین،عامر شریف او ر اشرف یحییٰ نے انجام دیئے جبکہ ٹیکنیکل آفیشلز ظفر اقبال،نعیم احمد،ممتاز احمد،عدنان صالحین اور عثمان شیخ تھے۔فائنل کے اختتام پر منعقدہ پروقار اختتامی تقریب میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس ایاز منشی نے کھیلوں کی معروف شخصیات کے ہمراہ فاتح،رنر اپ ٹیموں کے ٹرافی اور کھلاڑیوں میں کیش ایوارڈ تقسیم کئے۔شاندار کھیل پر کینتھ ڈیرک جانسن کو مین آف دی میچ اور سعد صلاح الدین،حسن علی اور محمد معاذ کو ابھرتے کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔اس موقع پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان،سیکریٹری طارق حسین، لیگل ایڈوائزر و ٹرونامنٹ آرگنائزنگ سیکریٹری غلام عباس جمال ایڈوکیٹ،سندھ فٹ بال ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئر مین محمد سلیم خمیسانی،پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد، ایس ایچ او آرام باغ اعظم راجپر، عیسیٰ لیبارٹریز کے ملک امتیاز،سلمان فوڈز کے سی ای او نوید انجم، یوبی ایل کے ذوالفقار عباس خان،مسلم کمر شل بنک کے محمد حیدر خان، اسپورٹس آرگنائزر اسد عباد علی اور دیگر بھی موجود تھے۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اسپورٹس ڈائریکٹرکے ڈی اے ایاز منشی نے کہاکہ انسانیت کی خدمت اور فروغ کھیل میں ڈاکٹر فرحان عیسیٰ اور اُن کے ادارے کا کردار لائق تحسین ہے عیسیٰ لیبارٹریز جہاں عوام کو سستی اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے وہیں کھیلوں کے میدانوں کو آباد اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف مائل کرنے میں بھی اپنی کاوشیں بروئے کار لارہا ہے ایاز منشی نے کہاکہ کراچی میں اسپورٹس سرگرمیوں کا تسلسل کے ساتھ فروغ شہر کے امن اور مثالی معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کررہا ہے انہوں نے کہاکہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی شہر کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کو فروغ میدانوں کو آباد کررہی ہے انشا اللہ اسپورٹس تنظیموں کے باہمی تعاون سے شہر کودنیا کاعظیم اسپورٹس سٹی بنا یا جائیگا ایاز منشی نے شہر کراچی میں فروغ کھیل میں کے بی بی اے کے صدر معروف اسپورٹس آرگنائزر غلام محمد خان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے باسکٹ بال کھیل کے فروغ میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی کے ڈی اے باسکٹ بال ٹیم کو مکمل فعال بنا یا جائیگا اس موقع پر اسپورٹس شخصیات نے صدر پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ کو اُن کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ قومی اعزاز سے نوازا جائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منتظم اعلیٰ ٹورنامنٹ کے بی بی اے کے صدر غلام محمد خان نے مسلسل چھٹا باسکٹ بال ایونٹ اسپانسر کرنے پر عیسیٰ لیبارٹریز کے سی ای او ڈاکٹر فرحان عیسیٰ سے کھلاڑیوں کی جانب سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے اس سال یوم آزادی شایان شان انداز میں منا یا جائیگا،گرلز اینڈ بوائز باسکٹ بال ایونٹ کے علاوہ یوم آزادی کی مناسبت سے متعدد تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here