خود کو موبائل کی دنیامیں قیدنہ کریں، پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی

0
897

خود کو موبائل کی دنیامیں قیدنہ کریں، پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی
سوشل میڈیا کو گناہِ جاریہ نہ بنائیں،مفتی مجیب
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس، جامعہ این ای ڈی کے تحت سیمینارکا احوال
سوشل میڈیا کے معاشرے پر اثرات“کے عنوان سے این ای ڈی یونی ورسٹی کے ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس کے زیرِاہتمام سیمینار کا انعقادمیکینکل ہال میں کیا گیا، جس کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹرسروش لودھی نے کی۔استقبالیہ نے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف آرکیٹکچر اینڈ مینجمنٹ سائنسزپروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد نے کہا کہ سوشل میڈیا کے قیدی نوجوان سماجی سرگرمیوں سے ہوتے جارہے ہیں۔جس کے منفی اثرات ذہن و جسم دونوں پر مرتب ہورہے ہیں۔ایسے میں نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی والدین اور اساتذہ کی ذمے داری ہے۔ سیمینار میں طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ نوجوان خود کو موبائل کی دنیا میں قید نہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے لوگ بزرگوں کے ساتھ وقت گزرا کرتے تھے،ان کے علم سے استفادہ حاصل کرتے تھے لیکن آج کا نوجوان حقیقی رشتوں سے دور تخیلاتی دنیا کے رشتے کھوج رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوان اس سائبر ورلڈ سے مثبت اور منفی دونوں کام لے سکتے ہیں لیکن سوشل میڈیا کا استعمال محدود کرنے کی اشدضرورت ہے۔ معین الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے، والدین بچوں کو موبائل تھما کراپنی دیگر معاملات کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فون اور سوشل میڈیا کا بے دریغ استعمال کم عمر ذہن کو بری طرح متاثر کررہا ہے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن ہومنٹیس پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ ذکی کا کہنا تھا کہ اس چھوٹے سے آلے نے ہمارے اتنے بڑے ذہن، قلب و سکون کو غلام کرلیا ہے۔جس نے ہماری نسل نو پستیوں کی جانب دھکیل دی ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے اس وقت گھمبیر چیلنجز کا سامنا ہے تو لیگل فریم ورک میں لاتے ہوئے پالیسی بنائی جائی۔نوجوانوں کی فکری تربیت کرتے ہوئے ممبر سینڈیکیٹ مفتی محمد مجیب نے کہاکہ سوشل میڈیا کو گناہِ جاریہ نہ بنائیں۔ہمیں اس پلیٹ فارم کو ثواب جاریہ کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حالات کو تبدیل کرنا ہے تو ہر فورم پر اس مسئلے کو اُٹھاناہم سب کی مشترکہ ذمّے داری ہے۔اس موقعے پرسابقہ معین الجامعہ صاحب زادہ فاروق احمد رفیقی،ڈین فیکلٹی مکینیکل اینڈ مینوفکچرنگ انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر عامر اقبال، ڈین سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر اسد الرحمان، اساتذہ اور طالب علموں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔یاد رہے کہ شیخ الجامعہ نے کنٹرولر اسٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر علی حسن محمود کو حکم دیا کہ جلداور متواتر پروگرامز اسی موضوع پر رکھے جائیں اور سوشل میڈیاسے متعلق طالب علموں میں بحث و تمحیص کے مقابلے کراوئے جائیں، جن سے آگاہی کا سلسلہ جاری رہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here