جامعہ کراچی میں ذیابیطس کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار اورآگاہی واک کا انعقاد

0
73

جامعہ کراچی میں ذیابیطس کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار اورآگاہی واک کا انعقاد
پاکستان ذیابیطس کے شکارافراد کے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبرپر جبکہ ذیابیطس کے پھیلاؤ کی شرح میں سرفہرست ہے۔ڈاکٹر محمد سیف الحق
ذیابیطس سے متعلق آگاہی اور طرززندگی میں تبدیلی کے لئے جامعہ کراچی اگلے مہینے سے ہفتے میں ایک دن ”وہیکلز فری ڈے“ کے طورپرمنائے گی۔ ڈاکٹر خالد عراقی
اگر ہم نے ذیابیطس کی روک تھا م کے لئے سنجیدہ اقدامات نہ کئے اور اپنا طرز زندگی تبدیل نہ کیاتوپاکستان ذیابیطس کے شکار افراد کے ممالک کی فہرست میں سرفہرست ہوگا۔ ڈاکٹر خالد عراقی
بیمارافرادپر مشتمل معاشرہ ایک بیمار قوم کو جنم دیتی ہے۔ ڈاکٹر اکمل وحید
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) نیشنل ایسوسی ایشن آف ڈائیبیٹس ایجوکیٹر پاکستان کے صدر ڈاکٹر محمد سیف الحق نے کہا کہ پاکستان ذیابیطس کے شکارافراد کے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبرپر جبکہ ذیابیطس کے پھیلاؤ کی شرح میں سرفہرست ہے۔دوران حمل خواتین میں پائی جانے والی ذیابیطس بعد میں ٹائپ ٹوذیابیطس میں تبدیل ہوجاتی ہے اوربدقسمتی سے پاکستان کا شمار ان ممالک کی فہرست میں سرفہرست ہے جہاں پر دوران حمل پائی جانے والی ذیابیطس بعد میں ٹائپ ٹو میں تبدیل ہوجاتی ہے۔حالیہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کے شکارافراد کی تعداد تین کروڑ تیس لاکھ تک پہنچ چکی ہے،جبکہ ایک بہت بڑی تعداد ایسی ہے جن کو شوگر ہوچکی ہے لیکن انہیں اس کا ادراک ہی نہیں ہے اوروہ اس خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ ہمیں شوگر کیوں ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونیورسٹی کلینک کے زیر اہتمام ذیابیطس کے عالمی دن کی مناسبت سے کراچی یونیورسٹی کلینک میں منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
قبل ازیں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی قیادت میں اساتذہ،طلباوطالبات،طبی ماہرین،انتظامی عملے اور دیگر نے انتظامی عمارت تا کراچی یونیورسٹی کلینک آگاہی واک بھی کی۔کراچی یونیورسٹی کلینک میں ذیابیطس اور کولیسٹرول کے فری ٹیسٹ بھی کئے گئے۔
ڈاکٹر سیف الحق نے مزید کہا کہ سب سے پریشان کن صورتحال یہ ہے 12 تا20 برس کے بچوں میں ذیابیطس تیزی سے پھیل رہاہے جو قابل توجہ اور لمحہ فکریہ ہے۔دنیا بھر میں اندھے پن،گردوں کے فیل ہونے،ٹانگیں کٹ جانے،دل کادورہ اور دل کے دیگر امراض کی بڑی وجہ ذیابیطس ہے۔جامعات کسی بھی معاشرے کی ترقی،درپیش مسائل کے حل اور بہتری کے لئے مثبت اور کلیدی کردار اداکرتی ہیں کیونکہ جامعات ہی پالیسیاں مرتب کرنے کی بہترین جگہ اور معاشرے میں آگاہی پھیلانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
اس موقع پرجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ2019 ء میں پاکستان ذیابیطس کے شکار افراد اور اس کے تیزی سے پھیلاؤ والے دنیا کے دس سرفہرست میں ممالک میں شامل تھاجبکہ حالیہ درجہ بندی کے مطابق پاکستان ذیابیطس کے سب سے زیادہ پھیلاؤ والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آتاہے جس کی بڑی وجہ اس معاملے میں عدم سنجیدگی اور طرززندگی میں عدم تبدیلی ہے۔پاکستان اب ذیابیطس کے پھیلاؤ میں چین اور بھارت کے بعد تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ بین الاقوامی ذیابیطس فیڈریشن (IDF) ذیابیطس اٹلس کے 10ویں ایڈیشن جو 14 نومبر 2021 کو جاری کیا گیا ہے نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں تقریباً 33 ملین لوگ ذیابیطس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔لیکن، مجموعی طور پر، میں سمجھتا ہوں کہ ایک بڑا عنصر حکومتی حکام کی لاعلمی اور عام شہریوں کا رویہ ہے جو پاکستان میں ذیابیطس میں خطرناک حد تک اضافے کا سبب بنتا ہے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ حکومتی حکام نے ذیابیطس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کو کم کرنے کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی اور عام لوگوں نے بھی ملک میں ذیابیطس کے تناسب کو کم کرنے کے لیے صحت مند طرز زندگی اپنانے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔اگرذیابیطس کی شرح میں اسی تیزی سے اضافہ ہوتارہا اور ہم نے اس مرض کی روک تھا م کے لئے سنجیدہ اقدامات نہ کئے اور اپنا طرز زندگی تبدیل نہ کیاتوپاکستان ذیابیطس کے شکار افراد کے ممالک کی فہرست میں سرفہرست ہوگا۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد عراقی نے اعلان کیا کہ اگلے مہینے سے جامعہ کراچی میں ہفتے میں ایک دن ”وہیکلز فری ڈے“ طور پر منایاجائے گا۔ اساتذہ اورطلبہ میں پیدل چلنے کی اہمیت اجاگرکرنے کے لئے یہ قدم اُٹھایاجارہاہے۔اس طرح آگاہی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جامعہ کراچی ذیابیطس کی روک تھام کے لئے بھی اپنا کردار اداکرسکے گی۔
سی ای اوڈیجیٹل ہیلتھ ڈاکٹر ذکی الدین احمد نے کہا کہ دنیا کا ہردسواں بالغ فرد ذیابیطس کے ساتھ زندگی گزار رہاہے،2030 ء تک ذیابیطس کے شکار افراد کی تعداد بڑھ کر654 ملین جبکہ 2045 ء تک یہ تعداد783 ملین ہوجائے گی۔ دنیا بھر میں 240 ملین افراد غیر تشخیص شدہ ذیابیطس کے ساتھ زندگی گزاررہے ہیں جس میں 27 ملین مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں ہیں۔2021 ء میں ذیابیطس کی وجہ سے صحت کے زمرے میں لوگوں نے 966 بلین امریکی ڈالرزخرچ کئے جو پندہ سالوں میں 316 فیصد اضافے کو ظاہر کرتاہے۔مشرقِ وسطیٰ اورشمالی افریقہ کے علاقے میں ذیابیطس سے ہونے والی اموات کل عالمی اموات کا 12 فیصدحصہ ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزکراچی ڈاکٹر محمد عرفان فاروقی نے کہا کہ حکومت سندھ ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور اسی سلسلے میں صوبے کے تمام اضلاع کی سطح پر قائم ہیلتھ سینٹر میں ذیابیطس کی تشخیص،اس کی روک تھام سے متعلق آگاہی اور علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لئے خصوصی ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔مذکورہ ڈیسک قائم کرنے کا بنیادی مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو معذورسے بچانا ہے۔
ڈاکٹر اکمل وحید نے سیمینار میں نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ ذیابیطس کے سرفہرست ممالک میں پاکستان تیسرے نمبر پر آتاہے جو ایک خطرناک صورتحال ہے،جس کی روک تھام کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنا ناگزیر ہوچکے ہیں کیونکہ بیمارافرادپر مشتمل معاشرہ ایک بیمار قوم کو جنم دیتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here