برٹش کونسل کے ڈائریکٹر سندھ وبلوچستان مائیکل ہولگیٹ کی شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو دعراقی سے ملاقات

0
1110

برٹش کونسل کے ڈائریکٹر سندھ وبلوچستان مائیکل ہولگیٹ کی شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو دعراقی سے ملاقات
برٹش کونسل کا وفداسکالرشپس اورفیکلٹی،اسٹوڈنٹس ایکسچینج کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے جامعہ کراچی کا دورہ کرے گا
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) برٹش کونسل کے ڈائریکٹر سندھ وبلوچستان مائیکل ہولگیٹ نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں ملاقات کی اور باہمی امورپر تبادلہ خیال کیا۔دوران ملاقات مائیکل ہولگیٹ نے خواہش کا اظہار کیا کہ جامعہ کراچی اوربرطانیہ کی مختلف جامعات کے مابین اشتراک کے ذریعے اسکالر شپ اوراسٹوڈنٹس، فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کو فروغ دیا جائے۔
مائیکل ہولگیٹ نے شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی کو بتایا کہ ویژول اسٹڈیز جامعہ کراچی اور برٹش کونسل ایک منصوبے پر کام کررہے ہیں اور امید ہے کہ مستقبل قریب میں دیگر شعبہ جات کے ساتھ بھی مختلف منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔انہوں نے شعبہ ویژول اسٹڈیز کی فیکلٹی اور طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں اور بہترین ویژن کے مالک ہیں۔
اس موقع پرشیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی آن لائن ایجوکیشن کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اور کووڈ19نے آن لائن ایجوکیشن کی اہمیت اور افادیت کو اور زیادہ واضح کردیا ہے۔جامعہ کراچی نے کووڈکی صورتحال کے پیش نظر جامعہ کراچی میں ہونے والی تمام تدریسی سرگرمیوں کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے آن لائن کلاسز کے ذریعے یقینی بنایاتھا۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے خواہش کا اظہار کیا کہ برطانوی جامعات میں اسکالر شپ اور اسٹوڈنٹس،فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کے حوالے سے برٹش کونسل کا ایک وفد جامعہ کراچی کا دورہ کرے اور اس حوالے سے جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کو آگاہی فراہم کریں جس کے لئے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات سے 25 طلباوطالبات کا ایک گروپ تشکیل دیا جائے گا جنہیں برٹش کونسل سے آنے والا وفد اسکالرشپ،اسٹوڈنٹس اور فیکلٹی ایکسچینج پر تفصیلی آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قواعد وضوابط اور تمام سہولیات کے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔مذکورہ گروپ کے طلبہ پھر ان معلومات سے اپنے اپنے شعبہ جات میں دیگر طلبہ کو آگاہ کریں گے جس پر مائیکل ہولگیٹ نے جلد ازجلد عملدرآمد کرانے کا یقین دلایا۔
شیخ الجامعہ نے برٹش کونسل کی تعلیم دوستی اور اس کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ برٹش کو نسل کے ان اقدامات سے جامعہ کراچی کے اساتذہ اور طلبہ بھی بھر پور استفادہ کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here