عبیرہ منیر کی ورلڈان ڈور آرچری سیریز میں پانچویں پوزیشن

0
1045

عبیرہ منیر کی ورلڈان ڈور آرچری سیریز میں پانچویں پوزیشن
سندھ کی خاتون کھلاڑی کا کارنامہ ،ہماری کوششوں کے نتاءج مل رہے ہیں ،منصور شہزاد
کراچی:(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کی خاتون تیر انداز عبیرہ منیر نے ورلڈ ا ن ڈور آن لائن آرچری سیریز کے تیسرے ایڈیشن میں پانچویں پوزیشن حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کر دیا ،انہوں نے بھارتی کھلاڑی کو آٹھویں پوزیشن پر بھی دھکیلا،وہ سندھ کی پہلی خاتون تیر انداز بھی بن گئیں جنہوں نے یہ سنگ میل عبور کیا ۔ دوسرے ایڈیشن میں ان کی 50پوزیشن تھی لیکن سخت محنت اور عمدہ کارکردگی دکھانے کے عزم نے انہیں 50ویں سے پانچویں پوزیشن دلادی ۔ اس سلسلے میں سندھ آرچری ایسوسی ایشن کی جانب سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والی21 سالہ عبیرہ منیر نے ورلڈ ان ڈور آن لائن آرچری سیریز کے15سے17جنوری تک منعقد ہ تیسرے ایڈیشن میں پانچویں پوزیشن حاصل کر کے سبز ہلالی پرچم دنیا بھر میں بلند کر دیا ۔ اس ایڈیشن میں دنیا بھر سے 684خواتین تیر اندازوں نے شرکت کی تھی ۔ انہوں نے مجموعی طور پر593 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ پہلی چار پوزیشن جنوبی کوریا کے نام رہیں ،بھارت کی نندی جین کا نمبر آٹھواں رہا ۔ عبیرہ منیر نے اس سے قبل دوسرے ایڈیشن میں 50ویں پوزیشن حاصل کی تھی جس میں دنیا بھر سے674خواتین تیر انداز شریک تھیں ۔ اس طرح وہ سندھ کی پہلی انٹر نیشنل خاتون تیر انداز بھی بن گئیں جنہوں نے کسی ورلڈ سیریز میں نا صرف شرکت کی بلکہ ٹاپ ٹین میں جگہ بھی بنائی ۔ اس ضمن میں سندھ کی خاتون تیر انداز کو سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے سیکریٹری منصور شہزاد اور ایشیا کے سند یافتہ کوچ حسان عبداللہ نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کامیابی ہماری کامیابی ہے ،ہمارے گراس روٹ لیول پر کام کرنے کے نتاءج ملنا شروع ہو گئے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں آرچری کا بے پناہ ٹیلنٹ ہے ہماری کوشش ہے کہ عبیرہ منیر جیسی کئی کھلاڑی تیار کریں انہیں نیشنل اور انٹر نیشنل نمائندگی کا موقع ملے اور وہ نا صرف پاکستان بلکہ سندھ اور کراچی کا نام بھی روشن کریں ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here