ادارے کے استحکام کے لئے ضروری ہے کہ مسائل کے باوجود بہتری کی جانب سفر کرنے کیلئے ہمیں راستے تلاش کرنا ہونگے،سید صلاح الدین احمد

0
1178

ادارے کے استحکام کے لئے ضروری ہے کہ مسائل کے باوجود بہتری کی جانب سفر کرنے کیلئے ہمیں راستے تلاش کرنا ہونگے،سید صلاح الدین احمد
کراچی:( طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) میٹروپولیٹن کمشنر سید صلاح الدین احمد نے کہاہے کہ ادارے کے استحکام کے لئے ضروری ہے کہ مسائل کے باوجود بہتری کی جانب سفر کرنے کیلئے ہمیں راستے تلاش کرنا ہونگے اور شہر کے مسائل حل اور اس کو بہتر کرنے کا درد اپنے اندر محسوس کرنا ہوگا، تمام محکموں کے سربراہان کی یہ کوشش ہونی چاہئے کہ وہ اپنی اپنی حدود میں رہتے ہوئے کس طرح اپنے محکمے کو بہتر بنا سکتے ہیں، درست سمت میں راستہ ملنے کی ضرورت ہے، ہمیں ادارے کے امیج کو بہتر کرنا ہے تاکہ شہریوں کا اعتماد بحال ہو، ہر مسئلہ کے حل کیلئے ہمیں حکومت کی طرف نہیں دیکھنا چاہئے، تمام محکمہ جاتی سربراہان اپنے عملے کی حاضری کو یقینی بنائیں، تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی صبح بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر میں افسران کے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کمشنر سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ مسائل زیادہ اور وسائل کم ہیں مگر اس کے باوجود ہم سب مشترکہ ٹیم ورک کے ذریعے کام کرکے اپنے اپنے محکمے کو بہتر بنا سکتے ہیں، انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ کسی بھی محکمے کے جو مسائل ہیں اسے حل کرنے کیلئے تجاویز مرتب کریں اور انہیں تفصیلی طور پر تحریری صورت میں پیش کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اذہان کو صرف اور صرف محکموں کی بہتری اور شہریوں کے مسائل کے حل کی جانب مرکوز رکھنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ سٹی وارڈنز اچھا کام کررہے ہیں مگر یہ انتہائی ضروری ہے کہ ایک منظم طریقے سے انہیں استعمال کیا جائے تاکہ باقاعدہ ایک فورس کی صورت میں یہ کام کرتے ہوئے نظر آئیں، انہوں کہا کہ جہاں جہاں بھی سٹی وارڈنز کام کررہے ہیں وہاں فعال انداز میں کام کریں تاکہ دوسرے بھی ان کی موجودگی اور کام کو دیکھ اور محسوس کرسکیں، انہوں نے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کو ہدایت کی کہ مختلف اسپتالوں میں کوویڈ19- کے حوالے سے جو اقدامات کئے گئے ہیں اور جو مریض آرہے ہیں ان کی روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ رپورٹس اور دیگر کارکردگی رپورٹس مفصل انداز میں مرتب کی جائیں اور میڈیا کو بھی بھیجی جائیں تاکہ عوام کو بھی اس بارے میں آگاہی حاصل ہوسکے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتال میں کوویڈ۔ 19 کے علاج کے حوالے سے کیا سہولیات دستیاب ہیں، انہوں نے محکمہ آرکائیوز کو ہدایت کی کہ سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں کے اہم نمائندوں کو اپنے ساتھ ملا کر اس طرح کے پروگرام منعقد کئے جائیں کہ جن سے آرکائیوز کے حوالے سے شہریوں کو نایاب اشیاء اور دستاویزات دیکھنے کو مل سکیں، انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی میں ایسے کئی افرادموجود ہیں جو آرکائیوز کے کاموں میں ا نتہائی دلچسپی رکھتے ہیں اور وہ ہمارے لئے مفید ثابت ہوسکتے ہیں، انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر ٹرمینلز کو ہدایت کی کہ ٹرمینلز کو جس طرح بھی بہتر سے بہتر بناسکتے ہیں اس حوالے سے ایک رپورٹ مرتب کی جائے تاکہ تمام تر مسائل تحریری طور پر ان کے سامنے آسکیں، انہوں نے کہا کہ محکمہ فائربریگیڈ بہت حساس نوعیت کا حامل ہے لہٰذا ان کی گاڑیوں کے لئے ڈیزل اور پیٹرول کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر شامل ہونی چاہئے، سید صلاح الدین احمد نے محکمہ آکوموڈیشن کو ہدایت دی کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام رہائشی فلیٹس میں کون لوگ اس وقت رہائش پذیر ہیں جنہیں یہ فلیٹس الاٹ کئے گئے ہیں ان کی تفصیل بھی مرتب کرلی جائیں جبکہ وہ ملازمین جو ریٹائرڈ ہوگئے ہیں انہیں نوٹسز جاری کئے جائیں تاکہ یہ فلیٹس اور رہائشی کوارٹرز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ان ملازمین کو مل سکیں جن کی یہ اصل ضرورت ہیں، انہوں نے محکمہ ای اینڈ آئی پی کو بھی ہدایت کی کہ نیلام عام کے بغیر کوئی بھی جگہ بچت بازاروں کے لئے الاٹ نہ کی جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here