Karachi Metropolitan Corporation

کراچی کے امیج کو بہتر بنانے کے لئے شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے،افتخار شالوانی

کراچی کے امیج کو بہتر بنانے کے لئے شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے،افتخار شالوانی
کراچی:(اسٹاف رپورٹر طلعت محمود) ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ کراچی کے امیج کو بہتر بنانے کے لئے شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ شہری اپنا کچھ وقت خوشگوار انداز میں گزار سکیں، شہر میں چیس کارنر قائم کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ اپنی تابندہ روایات کو پھر سے زندہ کیا جائے، یہ بات انہوں نے جمعرات کی شام کلفٹن برج کے ساتھ چیس کارنر کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی سے محبت اور کراچی کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے مختلف زبانوں میں سلوگن بھی یہاں درج کئے جائیں گے جس سے ایک اچھا اور مثبت پیغام جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہمیں کراچی کی علمی و تہذیبی روایات کے مطابق شہر میں تعمیری کاموں کی منصوبہ بندی کرنی ہے تاکہ معاشرے سے انتہا پسندی کا خاتمہ ہو اور باہمی رواداری اور یکجہتی کی سوچ کو فروغ ملے، انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ لائبریریز کی طرح چیس کارنر بھی شہریوں کی ضرورت ہے اور شہری انتظامیہ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ جہاں بھی ممکن ہوسکے ایسے منصوبے بنائے جائیں جن سے شہر کا مثبت امیج قائم ہو اور خاص طور پر نوجوان طبقہ تعمیری اور بامقصد مشاغل میں حصہ لے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے اس موقع پر چیس کارنر کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور انہیں بہتر انداز میں بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف شہروں میں چیس کارنر اور دیگر تفریحی سہولیات شہریوں کو فراہم کی گئی ہیں اور ان کے لئے ایسے مقامات کا انتخاب کیا جاتا ہے جہاں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی رسائی ہو اور وہ ان سے مستفید ہوسکیں، آج کی مصروف دنیا میں دن بھر کی تھکاوٹ کے بعد لوگ شام کے اوقات میں تازہ دم ہونا چاہتے ہیں، دنیا میں جہاں بھی ایسی سہولیات شہریوں کو مہیا کی گئی ہیں ان کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور لوگوں نے انہیں بے حد سراہا ہے، ہم کراچی میں بھی باہمی رواداری اور حب الوطنی کا فروغ چاہتے ہیں، کراچی ہم سب کا ہے اور اسے بہتر بنانے میں ہم سب کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہے، شہر میں صفائی ستھرائی اور شجرکاری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور پہلے سے دستیاب تفریحی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، شہری انتظامیہ اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتی رہے گی۔

LEAVE A RESPONSE

Your email address will not be published. Required fields are marked *

REGISTERED NOW