کراچی یونیورسٹی بزنس ریسرچ جرنل کے اجراء کی تقریب

0
1281

کراچی یونیورسٹی بزنس ریسرچ جرنل کے اجراء کی تقریب
کراچی :(اسٹاف رپورٹر) علمی اور دیگر تحقیق میں کسی بھی ملک کی دلچسپی کا اندازہ اس شعبے پر خرچ کئے جانیوالے فنڈز سے لگایا جاسکتا ہے۔ڈاکٹر خالد راقی
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ عصر حاضر میں ریسرچ کی اہمیت کوکسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ریسرچ جرنل کسی بھی یونیورسٹی کا جزولازم ہے،علمی اور دیگر تحقیق میں کسی بھی ملک کی دلچسپی کا اندازہ اس شعبے پر خرچ کئے جانیوالے فنڈز سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔
جدید دنیا میں مضبوط اندسٹری اور اکیڈیمیا کے مابین تعاون نہ صرف مستحکم معاشی و معاشرتی نظام کی بنیاد فراہم کرتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ بھوک اور افلاس کے خاتمے میں بھی ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔تحقیق نیا علم، نئی مصنوعات اور نئے طریقہ کار پیدا کرتی ہے اور تحقیقی اشاعتیں علم میں شراکت کی عکاس ہوتی ہیں جبکہ پیٹنٹ کا حصول تحقیق کے نتیجہ میں ہونے والی ایجاد یا اختراع کی انفرادیت کا مظہر ہوتاہے۔
پبلیکشن کی دوڑ کے بجائے ہمیں معیاری ریسرچ پیپرز اور ریسرچ جرنلز پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ تحقیقی کام کے معیار میں وقت کے ساتھ ساتھ تبدیلیاں رونماہوتی رہتی ہے،ہمارے ریسرچرز کا عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے زیر اہتمام کراچی یونیورسٹی بزنس ریسرچ جرنل کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں کیا گیا تھا۔
ڈکٹر خالد عراقی نے چیئر مین کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول ڈاکٹر محمد عاصم اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نامساعد مالی حالات اور وسائل کی کمی کے باوجود ریسرچ جرنل کا اجراء لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ میں 2016 ء میں جب رئیس کلیہ نظمیات وانتظامی علوم کے عہدے پرفائزتھا تو اس وقت کی ہی یہ فیصلہ کرلیاگیا تھا کہ فیکلٹی کی سطح پر ریسرچ جرنل کا اجراء کیا جائے اور مجھے خوشی ہے کلیہ نظمیات وانتظامی علوم کے فیکلٹی ممبران کی محنت اور دلچسپی کی بدولت مذکورہ ریسرچ جرنل کا اجراء ممکن ہواہے۔مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ گذشتہ چند سالوں سے جامعہ کراچی کی ریسرچ پبلیکشن میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔
اس موقع پررجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید، تمام روئسائے کلیہ جات،ناظم مالیات جامعہ کراچی طارق کلیم،صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک،ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمن اوردیگر موجودتھے۔
اس موقع پر قائم مقام رئیسہ کلیہ نظمیات وانتظامی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ نے کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے چیئر مین اور ان کی ٹیم کو ریسرچ جرنل کے اجراء پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد عاصم کی ذاتی دلچسپی اور محنت کی بدولت مذکورہ جرنل کا اجراء ممکن ہوا ہے۔مجھے امید ہے کہ مذکورہ جرنل کے چارشماروں کے بعد اس کو ایچ ای سی بھی تسلیم کرلے گی۔
چیئر مین کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول جامعہ کراچی ڈاکٹر محمد عاصم نے ریسرچ جرنل کے اجراء کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ریسرچ جرنل کا مقصد تعلیمی مقاصد کا حصول ہے۔ جرنل میں متعدد نامور اسکالرز نے معاونت فراہم کی اور اساتذہ کی جانب سے مسلسل بزنس ایشوز پر پرچے شائع ہورہے ہیں۔اس جرنل میں بزنس ریسرچ کی تھیوری سے لے کر اصل بزنس کے واقعات اور صورتحال پر ریسرچ شامل ہے، بزنس ایکٹیویٹی کے مختلف شعبوں کے مابین تعلق کی شناخت اور بزنس کے فیصلوں، اصولوں اور پراسیس پر تفصیلی ریسرچ کی گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here