Karachi Metropolitan Corporation

دور حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہمیں اپنی نئی نسل کو علم کے زیور سے آراستہ کرنا ہوگا،ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ طلعت محمود) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ دور حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہمیں اپنی نئی نسل کو علم کے زیور سے آراستہ کرنا ہوگا، دنیا نے اسی طرح ترقی کی ہے اور جدید علوم کے ذریعے لوگوں کے مسائل حل کئے ہیں، کراچی میں موبائل لائبریریز اینڈ ای لرننگ انسٹیٹیوٹس کا قیام درست سمت کی جانب اچھا قدم ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، بہتر مستقبل کے لئے نوجوان نسل کو کتابوں کی طرف واپس لانا ہوگا، الیکٹرونک لرننگ موجودہ دور کی انتہائی موثر سہولت ہے جس کے ذریعے مختلف علوم کی بہترین تدریس ممکن ہوگئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فریئر ہال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کونسل آف کراچی لائبریریزکے زیر اہتمام موبائل لائبریری اینڈ ای لرننگ یونٹس کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مہمان اعزازی عزیز میمن، ڈسٹرکٹ گورنر روٹری پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ، قونصل جنرل ترکیMr.Tolga Ucak،قونصل جنرل تھائی لینڈMr.Thatree Chauvachata، قونصل جنرل جرمنیMs.Birgit Kuhlmann اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن کے علاوہ مختلف ممالک کے سفارت کار اور نمائندے، طارق مصطفی،کوآرڈینیٹر سی کے ایل عائشہ چوہدری،سید عابد رضا، بک ایمبیسیڈر این بی ایف سید سلطان خلیل،تحسین عابدی اور سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سید خورشید شاہ بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سال گزشتہ ہمارے لئے خاصا مشکل ثابت ہوا جس کے دوران تجاوزات اور دیگر شہری مسائل سامنے آئے تاہم اس دوران ہم نے شہر میں دو میراتھن منعقد کرائیں اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا، انہوں نے کہا کہ روٹری انٹرنیشنل اور دیگر اداروں کے تعاون سے کراچی میں موبائل لائبریریز اینڈ ای لرننگ انسٹیٹیوٹس قائم ہونے سے نوجوانوں بالخصوص طالب علموں کو مطالعے کی بہترین سہولت دستیاب ہوگی اور وہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح ای لرننگ کی سہولت سے فیضیاب ہوسکیں گے جس سے جدید علوم اور تکنیک سے آگاہی بڑھے گی اور ایک ایسا کلچر پروان چڑھے گا جس میں علم و ادب کو اہمیت حاصل ہو اور اہل علم افراد کی قدر کی جائے،انہوں نے کہا کہ ہمیں علم کو پھیلانے میں موجودہ دور کے تقاضوں کو پیش نظر رکھنا ہے اور اس کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنا چاہئے کیونکہ موبائل لائبریری اور ای لرننگ کی پہنچ وہاں تک ہے جہاں کل تک پہنچنے کا تصور بھی ممکن نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر میں تعلیم کے فروغ اور کتب خانوں میں اضافے کے لئے کوشاں رہے گی اور اس حوالے سے ہرممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں گے، تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے مہمانوں کو شیلڈز بھی پیش کیں، دریں اثناء کونسل آف کراچی لائبریریزکے زیر اہتمام میٹروپول ہوٹل کے قریب اسٹریٹ لائبریری میں انگلش گرامر اسکول اور لیاری کے بچوں کو یکجا کیا گیا تاکہ ان کے درمیان روابط قائم ہوں، اس موقع پر بچوں نے پینٹنگز کیں اور مل جل کر مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کتابوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی، انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں اور اسٹریٹ لائبریری کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں، انہوں نے کہا کہ روشن مستقبل کے لئے آپ کو کتابوں سے اپنا رشتہ جوڑنا ہے اور اپنی استادوں کی عزت کرنی ہے، انہوں نے کہاکہ اسٹریٹ لائبریریز شہر کے مختلف علاقوں میں قائم کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی علاقے کے بچوں کو علاقے میں لائبریری نہ ہونے کی وجہ سے کتابوں سے محروم نہ ہونا پڑے، انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں نے باہم مل کر علمی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور اس سے ثابت ہوا کہ ہم سب مل جل کر آگے بڑھنے اور سیکھنے کی کتنی خواہش رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد نئی نسل کو مطالعے اور مثبت و تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ بچوں میں پایا جانے والا احساس محرومی بھی دور کرنا تھا تاکہ ان کے اندر اعتماد پیدا ہو اور وہ بہترین ماحول میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں۔

LEAVE A RESPONSE

Your email address will not be published. Required fields are marked *

REGISTERED NOW