پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت کراچی پر قبضہ اور سندھ کا بٹوارہ نامنظور

0
1575

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت کراچی پر قبضہ اور سندھ کا بٹوارہ نامنظور کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہےکہ سندھ کے کسی شھر کو اسلام آباد کی کالونی نہیں بننے دینگے، سندھ کی تقسیم کی باتیں کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں، پی ٹی آئی اور ان کے اتحادیوں کا سندھ توڑنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، آج بھی ایم کیو ایم کی سیاست اور سوچ الطاف حسین کی سوچ سے بھری ہوئی ہے، وزیراعظم سندھ کو دھمکیاں دیں نہ سندھ پر قبضے کی باتیں کریں اگر وفاقی حکومت نے اپنی روش ترک نہ کی تو سندھ کی عوام اسلام آباد کا رخ کریں گےاورپیپلزپارٹی کالاباغ ڈیم اور ایم آرڈی سے بڑی تحریک چلائے گی۔ان خیالات کا اظہارپاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی، پیپلزپارٹی کراچی کے سیکریٹری جاوید ناگوری نےکراچی پریس کلب پراحتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سندھ کے سیکریٹری جنرل وقارمہدی،صوبائی نائب صدر راشد ربانی، سینیٹرتاج حیدر، سینیٹرانورلعل ڈین، لال چند اکرانی،ایم این اے ڈاکٹرشاہدہ رحمانی، حبیبب جنیدی، آصف خان، خالد لطیف ، شکیل چوہدری، مرزامقبول سمیت دیگررہنما بھی موجود تھے۔ احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے لیے کراچی کے تمام اضلاع سے پیپلزپارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد ضلعی صدوراورپارٹی رہنماؤں کے قیادت میں کراچی پریس کلب پہنچی ،مظاہرے کے مرکزی بینرپر سندھ کا بٹوارہ نامنظورکا نعرہ درج تھا، پیپلزپارٹی کے کارکنان کی طرف سے کراچی میں وفاقی حکومت کے ممکنہ اقدام کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی اور گونیازی گو ،سندھ کی تقسیم اورسندھ کا بٹوارہ نامنظورکے نعرے لگائے گئے۔ مظاہرے میں پیپلزپارٹی کی ذیلی تنظیموں اورخواتین کارکنان نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہاکہ آج کا سندھ بھر میں احتجاج سندھ میں نئے صوبے کا مطالبہ کرنے والوں اور کراچی پر قبضے کے خواب دیکھنے والوں کے لئے بھرپور جواب ہے، وزیراعظم سندھ کو دھمکیاں مت دو، سندھ پر قبضے کی باتیں مت کرو ورنہ سندھ کی عوام نے اسلام آباد کے راستے بھی دیکھے ہوئے ہیں،اگر سندھ دھرتی ماں کے خلاف سازشیں بند نہ کی گئیں تو کالاباغ ڈیم اور ایم آرڈی کی طرز پر تحریک چلائینگے۔ نثار کھوڑونے کہاکہ کراچی سندھ ہے اور سندھ کے کسی شھر کو اسلام آباد کی کالونی نہیں بننے دینگے،سندھ کی تقسیم کی باتیں کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں،پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کی کراچی کے رونیو پر نظر ہے اور این ایف سی میں صوبے کے حصے سے کٹوتی چاھتے ہیں اس لئے کراچی پر قبضہ کا خواب دیکھ رہے ہیں ،سندھ پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے اور سندھ پر حملہ آور ہو کر وزیراعظم پاکستان کو توڑنا چاھتے ہیں،پی ٹی آئی اور ان کے اتحادیوں کا سندھ توڑنے کا یہ خواب پرانا ہے جو کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ نثار کھوڑو نے کہاکہ سندھ توڑنے میں عمران خان اپنے اتحادیوں کا آلہ کار بن رہے ہیں،سندھ میں گورنر راج اور نئے صوبے کی باتیں گیدڑ بھبکیاں ہیں، ایسی باتیں کرکے سندھ کی عوام میں نفرتیں نہ بڑھائی جائیں،سندھ ایک صوبہ ہے اور ایک ہی رہے گا،سندھ میں نیا صوبہ کبھی نہیں بنے گا اور سندھ کی تقسیم کسی صورت نہیں ہونے دینگے،سندھ پر حملہ کرنے والوں کی ٹانگیں توڑدینگے۔ نثار کھوڑونے کہاکہ وفاق اپنی ناکامیاں سندھ پر پر مت تھونپے،پیٹرول گیس بجلی کھانے پینے کی اشیاء مہنگی کرکے قرضے اتارنے کی باتیں کی جا رہے ہیں، عمران خان کی وہ بھی غلطی تھی جب وہ آمر مشرف کے چمچے بنے تھے اور پارلیمنٹ کو گالی دی۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم آئین کو توڑنا چاھتی ہے، آئین میں صرف چار صوبے ہیں، ایم کیو ایم سندھ میں نئے صوبے کی بات کر کے سندھ توڑنا چاھتی ہے،سندھ کی تقسیم کی سوچ رکھنے والے اپنا دماغ درست کرلیں،ون یونٹ کے خلاف سندھ کی تحریک شاید یہ لوگ بھول گئے ہیں. نثار کھوڑو نے کہاکہ یہ حکمران 18 ویں ترمیم کو ختم کرنا چاھتے ہیں۔18 ویں ترمیم کا ھر موڑ پر دفاع کرینگے،سندھ کو این ایف سی ایوارڈ، اور اپنا آئینی حصہ چاہیئے،اگرترقی کے لیے پیسے نہیں دو گے اپنا حق لیں گے، آئین کہتا ہے کہ صوبوں کوزیادہ شیئردو۔ پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدرصوبائی وزیرسعید غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کے کچھ لوگوں نے ایک بار پھر سندھ میں نئے صوبے کی بات کی ہے،یہ لوگ نفرتیں پھیلا کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں ،ایم کیوایم نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کی ہے،موجودہ ایم کیوایم میں بھی الطاف حسین کی ذہنیت موجود ہے، اس صوبے میں رہنے والے تمام افراد اور سیاسی جماعتیں سندھ کی تقسیم کے خلاف ہیں انہوں نے کہاکہ اگرایم کیو ایم سندھ کو تقسیم کرنے کی بات کرے گی تو نہ ایم کیو ایم کو مانتے ہیں نہ ایم کیو ایم کی سیاست کو تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے کارکنان نے اس شہر کے امن کے لئے بڑی قربانیا دی ہیں۔انہوں نے کہاکہ 18 اگست کوپی ٹی آئی نے دوسری برسی منائی ہے دوبرسوں میں ملک کے معاشی حالت تباہ کیے گئے،وزیر اعظم جس چیزکا نوٹس لیتا ہے وہ مہنگی ہو جاتی ہے،پی ٹی آئی کے دو سالہ اقتدار میں عوام کو چکی میں پیس دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات میں کراچی سے کشمور تک کسی کو نشستیں چھیننے نہیں دے گی۔پیپلزپارٹی کراچی کے سیکریٹری جنرل جاوید ناگوری نے کہاکہ ایک سازش کے تحت کراچی کوسندھ سے الگ کرنے اورصوبہ بنانے کی سازش ہورہی ہے،کراچی میں برساتی نالے ایک سازش کے تحت بند کیے گئے اوراچانک تین دن میں سارے نالے کھل گئے،سندھ نے سب سے پہلے پاکستان کی قرارداد پاس کی تھی، ہم کسی صورت سندھ یا وفاق کے خلاف سازش برداشت نہیں کریں گے،وفاقی حکومت کراچی سے متعلق غیر آئینی بات کررہی ہے جبکہ ایم کیو ایم نے بھی سندھ حکومت کی تقسیم کی بات کی ہے،وفاقی حکومت یا کسی کو بھی سندھ کو تقسیم کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here