پروفیسر اقبال چوہدری کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل مقرر

0
2006

کراچی۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کوآرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن اسٹینڈنگ کمیٹی آن سائینٹیفک اینڈ ٹیکنالوجیکل کوآپریشن (کامسٹیک) کے کوارڈینیٹر جنرل مقرر کردیا ہے، ڈاکٹر عارف علوی نے یہ فیصلہ چیئرمین کامسٹیک کی حیثیت میں کیا ہے۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری بین الاقوامی مرکز سے دوسرے سائینسدان ہیں جو اس اعلیٰ منصب پر فائز ہوئے ہیں جبکہ وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن بھی ماضی میں کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل رہ چکے ہیں۔ کامسٹیک جنوری 1981 ء میں مکہ شہر میں قائم ہوئی تھی جس کا مقصد مسلم ممالک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے۔ واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں ان کی تقریباً1355سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں، امریکہ اور یورپ میں انکی تحریرو ادارت کردہ73کتب اور کتب میں 40 چیپٹر شائع ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ67 انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ مزیدبرآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو27 ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے ان کے زیر نگرانی94طالبعلم پی ایچ ڈی مکمل کرچکے ہیں،بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ پروفیسراقبال چوہدری کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہئ امتیاز، ستارہئ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے، پروفیسر اقبال چوہدری وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اورپروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے پروفیسر اقبال چوہدری کو ان کی اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ پوری قوم کے لئے اعزاز قرار دیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here