سندھ حکومت نے سی ایم ہاکی گولڈ کپ کرانے کا اعلان کردیا
محکمہ کھیل کے تعاون اور کے ایچ اے کے اشتراک سے رواں سال سی ایم سندھ گولڈ کپ کا انعقاد کریں گے۔ سیدہ شہلا رضا
کے ایچ اے میں بلو آسٹرو ٹرف کی تنصیب اور ہاسٹل کی تعمیر کا جلد اغاز ہوگا۔ سی ایم سندھ گولڈ کپ کے لئے کے ایچ اے کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، ارباب لطف اللہ
کراچی:( اسپورٹس رپورٹر ) کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں و جنرل مینیجر پی ایچ ایف ویمنز ونگ سندھ سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سید مراد شاہ کی قومی کھیل کی بحالی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کسی سے پوشیدہ نہیں، وزیراعلی سندھ کے اقدامات کو دیکھتے ہوئے محکمہ کھیل کے تعاون اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے رواں سال ” سی ایم سندھ ہاکی گولڈ کپ” کا انعقاد کیا جائے گا،
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ کا کہنا تھا کہ محکمہ کھیل کی زمہ داری دیتے وقت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پورے صوبے میں کھلاڑیوں کی فلاح بہبود اور کھیلوں کے انفراسٹرکچر کا جال بچھانے کی تلقین کی تھی۔ ہم اپنے چیئرمین کی ہدایت پر مکمل عمل پیرا ہیں، ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں کراچی، لاڑکانہ، نواب شاہ، حیدرآباد، سکھر اور میر پور خاص سمیت پورے صوبے میں کھیلوں کا سب سے زیادہ انفراسٹرکچر سندھ میں ہے، ملک میں ہاکی کے لئے سندھ کے علاوہ کوئی دوسرا صوبہ اگے آنے کے لئے تیار نہیں، سندھ واحد صوبہ ہے جو گزشتہ چار سال سے ہاکی فیڈریشن کو دس کروڑ روپے سالانہ گرانڈ دے رہا ہے، سی ایم کپ کے انعقاد کے لئے محکمہ کھیل کے ایچ اے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا، کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں کی تعداد میں کھلاڑیوں کا انا حیدر حسین کی محنت کا نتیجہ ہے، مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین پورے سال ٹورنامنٹس کرواتے ہیں۔ ان ٹورنامنٹس سے ہی ٹیلنٹ سامنے اتا ہے،
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ایچ اے کے پیٹرن انچیف میجر جنرل ریٹائرڈ طارق حلیم سوری نے سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں بچھائے جانے والے انفراسٹرکچر کو قابل تحسین قرار دیا ان کا کہنا تھا کہ تین کروڑ کی آبادی والے شہر کراچی میں ہاکی آسٹرو ٹرف والے صرف تین گراونڈ ہیں شہر قائد کے ہر ڈسٹرکٹ میں ہاکی کے لئے کم از کم ایک جدید گراونڈ ہونا چاہیئے۔
تقریب سے کے ایچ اے کے صدر ڈاکٹر جنید علی شاہ اور معروف اسپورٹس اینکر مرزا اقبال بیگ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر پی ایچ ایف کے کوآرڈینیٹر و کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین، چیئرمین گلفراز احمد خان، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن ناصر علی،انٹرنیشنل ہاکی پلیئرز شارق رضوی، عرفان الحق، تسنیم عثمانی، خالد جونیئر، سلمان شیخ اور لئیق لاشاری، معروف اسپورٹس اینکر پرسن یحییٰ حسینی، کے ایچ اے کے نائب صدر ڈاکٹر ایس ماجد۔ انٹرنیشنل ہاکی کمنٹیٹر ریاض الدین صدیقی سمیت دیگر بھی موجود تھے، تقریب کے اختتام پر ارباب لطف اللہ اور سیدہ شہلا رضا نے کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کی خوبصورت چمچماتی ٹرافی کی رونمائی کی، کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین نے وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ، صوبائی سیدہ شہلا رضا اور اولمپیئن ناصر علی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کا اغاز ہوگیا،
کراچی:( اسپورٹس رپورٹر) کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کا اغاز ہوگیا، افتتاحی میچ میں کراچی یوتھ بلو نے کراچی یوتھ اورنج کو 1-2 سے شکست دیدی، وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ نے ہٹ لگا کر چیمپیئن شپ کا افتتاح کیا،
تفصیلات کے مطابق کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کا افتتاح برقی قمقموں کی روشنی میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ نے گیند کو ہٹ لگا کر کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر ترقی نسواں و پی ایچ ایف ویمنز ونگ سندھ کی جنرل منیجر سیدہ شہلا رضا، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سابق کپتان اولمپیئن ناصر علی، پی ایچ ایف کے کوآرڈینیٹر و کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین، کے ایچ اے کے پیٹرن انچیف میجر جنرل ریٹائرڈ طارق حلیم سوری، صدر کے ایچ اے ڈاکٹر جنید علی شاہ، چیئرمین گلفراز احمد خان، ہاکی کمنٹریٹر ریاض الدین صدیقی, بھی موجود تھے۔
چیمپین شپ کا افتتاحی میچ کراچی یوتھ بلوز کلب اور کراچی یوتھ اورنج کلب کے درمیان کھیلا گیا، کھیل کے اغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا تاہم کراچی یوتھ بلوز نے مخالف کے کمزور دفاع کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے ہاف کے اختتام پر حارث نصیر اور حماد ایاز کے فیلڈ گول کی مدد سے 0-2 صفر کی برتری حاصل کرلی، کھیل کے اختتام تک کراچی یوتھ اورنج نے کھیل میں واپس آنے کی بھر پور کوشش کی، اس دوران اس کے فاروڈ ملنے والے مواقعوں سے فائدہ نہیں اٹھا سکے تاہم آخری لمحات میں ملنے والے شارٹ کارنر سے فائیدہ اٹھاتے ہوئے ارسلان حیدر نے گیند کو جال میں پھنک کر برتری 1-2 ایک کردی۔