سرسید یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام اسمیک2022 ء کا انعقاد

0
656

سرسید یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام اسمیک2022 ء کا انعقاد
کراچی:( اسٹاف رپورٹر) نوجوان اور ہونہار طلباء کی تخلیقی و ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس نے اسپیڈ مائنڈ ایگزیکیوشین مقابلوں SMEC’22 کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں پورے پاکستان کی جامعات اور تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے ٹیم کی شکل میں اور انفرادی طور پر حصہ لیا۔
انوویٹو پرائیوٹ لمیٹڈ کے چیف اگزیکٹو افسر، نوید علی بیگ نے کہا کہ اس ڈیجیٹل دور میں تیکنیکی مہارت کی بہت اہمیت ہے اورجدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں اور ضرورت کے لحاظ سے چیزوں میں تبدیلی اور ردوبدل ایک مسلسل عمل ہے جس کی وجہ سے بہترین بہتر چیز نکھر کر سامنے آتی ہے۔ہم اپنے تمام اسٹیک ہولڈرز اور عوام کے ساتھ براہ راست رابطہ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پُڑعزم ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ تیکنیکی تعلیم معاشی ترقی اور بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور قومی انسانی سرمایہ میں ہنرمند افراد کی ایک بہترین ٹیم کا اضافہ کرتی ہے جس سے نہ صرف پیداواری وسائل بڑھتے ہیں بلکہ معیار زندگی میں بھی بہتری آتی ہے۔ انہوں نے مستقبل میں ایسی صحتمندانہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیجیٹل معاشرے میں طلباء کو اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے ایسی تعمیری و مثبت سرگرمیوں کا جاری رہنا اشد ضروری ہے۔
اظہارِ خیال کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہمی تعاون سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔دنیا میں تبدیلی کی رفتار بہت تیز ہے اگر ہم نے عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو نہیں ڈھالا تو ہم پیچھے رہ جائیں گے۔
علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے کنوینئر انجینئر محمد ارشد خان نے کہا کہ برق رفتاری سے کئے گئے فیصلے، آپ کو دیگر ہم عصر اداروں سے ممتاز کرتے ہیں۔گیم ڈیولپمنٹ ایپلی کیشن انڈسٹری کا ایک اہم جز بن چکی ہے کیونکہ اس میں تمام موبائل اپپس کا تقریباََ ستر فیصد ہے اور اسمارٹ اور اینڈرائیڈ فون کے متعارف ہونے کے بعد پاکستان کی معیشت میں بھی بہتری آئی ہے اور ترقی میں اضافہ ہوا ہے۔
اختتامِ تقریب پر مقابلے میں جیتنے والے طلباء و طالبات میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھانے پر سرسید یونیورسٹی نے ٹرافی حاصل کی جسے سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے رجسٹرار سید سرفراز علی کے ہمراہ وصول کی۔بعد ازاں شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین ڈاکٹر خلیج حیدر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here