سائنس و ٹیکنالوجی عصر حاضر کی ایک بڑی حقیقت ہے جس کے بغیر ترقی ایک ادھورے خواب کی مانند ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی

0
706

سائنس و ٹیکنالوجی عصر حاضر کی ایک بڑی حقیقت ہے جس کے بغیر ترقی ایک ادھورے خواب کی مانند ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) کراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر میں قائم کئے گئے کامیاب جوان ٹریننگ ہال کا افتتاح
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی عصر حاضر کی ایک بڑی حقیقت ہے جس کے بغیر ترقی ایک ادھورے خواب کی مانند ہے، تعلیم و تحقیق اور سائنس وٹیکنالوجی پر بھرپور توجہ دے کر ہی انقلاب برپا ہوسکتا ہے۔کووڈ 19 جیسی خطرناک عالمی وباء نے اگر چہ پوری دنیا کی سرگرمیوں کو محدودکردیاتھا لیکن جدید ٹیکنالوجی نے پوری دنیا کو ایک دوسرے منسلک رکھنے کے لئے بھرپورمعاونت فراہم کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اور اکاؤنٹیبلیٹی لیب کے اشتراک سے کراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر جامعہ کراچی میں پروجیکٹ بعنوان: ”فیکلٹی ممبران کو تنازعات کی روک تھام اور امن کے قیام کی ترغیب“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ آپس کے تنازعات کو ختم کرنے کے لئے مکالمہ ناگزیر ہوتا ہے،ہم اختلاف رائے کو قبول کرنے سے گریز کرتے ہیں معاشروں کی ترقی کے لئے اختلاف رائے اور برداشت کا مضبوط کلچر ضروری ہوتاہے۔طلبہ کے رویوں کی تربیت اساتذہ سے بہتر کوئی نہیں کرسکتا،طلبہ اور اساتذہ کے مابین مکالمے نہ ہونے کی صورت میں تنازعات جنم لیتے ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمن کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے ذریعے اساتذہ جو بھی تربیت پائیں گے وہ یقینی طور پر طلبہ کو مثبت سمت میں لے کر جائے گی۔
شعبہ جرمیات جامعہ کراچی کی چیئرپرسن پروفیسرڈاکٹر فرح اقبال نے کہا کہ کہ امن کا قیام تنازعات کی روک تھام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ان دونوں باتوں کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔
بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے رجسٹرار لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) عدنان عابد نے امن کی بحالی سے متعلق اہم امور پر روشنی ڈالی۔ سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ولی الدین کا کہنا تھا کہ میں گذشتہ 20 سالوں سے بطور فیکلٹی ممبر اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہوں۔ یہ ایک ایسا موضوع ہے جو فیکلٹی ممبران کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور کراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر جامعہ کراچی میں قائم کیے گئے کامیاب جوان ٹریننگ ہال کا افتتاح بھی کیا۔تقریب کے اختتام پرمقررین کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here