سر سید یونیورسٹی کا فخر پاکستان ارشد ندیم کو گولڈ میڈل اور دو لاکھ روپے دینے کا اعلان

0
432

سر سید یونیورسٹی کا فخر پاکستان ارشد ندیم کو گولڈ میڈل اور دو لاکھ روپے دینے کا اعلان
وطن واپسی پرسر سید یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب پذیرائی میں ارشد ندیم کو اس اعزاز سے نوازا جائیگا، جاوید انوار چانسر سر سید یونیورسٹی
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) سرسید یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے پاکستانی ایتھلیٹ ندیم ارشد کیلئے گولڈ میڈل اور دو لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا۔۔سر سید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے اپنے بیان میں فخر پاکستان ارشد ندیم کی ایتھلیٹکس کے ایونٹ جیویلین تھرو میں گراں قدر خدمات پر انہیں خالص سونے سے بنا گولڈ میڈل اور دو لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان کیا ہے، چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ ارشد ندیم جس محنت، لگن اور جانفشانی سے اس کھیل میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں اور پوری دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کررہے ہیں، فتح کیلئے انکے جوش اور ولولے کو سرسید یونیورسٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ٹوکیو اولمپکس کے فائنل میں رسائی بھی انکی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ پوری قوم کی طرح ہماری بھی دعائیں ارشد ندیم کیساتھ ہیں۔ سرسید یونیورسٹی کو پوری امید ہے کہ وہ پاکستان کیلئے جیویلین تھرو میں ضرور میڈل حاصل کرینگے، رجسٹرارسید سرفراز علی نے کہا کہ اولمپکس کے بعد سرسید یونیورسٹی میں ارشد ندیم کیلئے تقریب پذیرائی منعقد کی جائیگی اس تقریب میں انہیں پورے اعزاز کیساتھ گولڈ میڈل اور نقد انعام دیا جائیگا، سرسید یونیورسٹی نصابی سرگرمیوں کیساتھ غیرنصابی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اپنی الگ شناخت رکھتی ہے سر سید یونیورسٹی نے پاکستانی ہاکی ٹیم کو اولمپیئینز بھی دیئے ہیں جبکہ جامعات کے درمیان کرکٹ کے عالمی مقابلوں میں بھی سر سید یونیورسٹی نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے ہماری یونیورسٹی میں ہر سال باقاعدگی سے اسپورٹس گالا منعقد کیا جاتا ہے جس میں 12 سے زائد شعبہ اس میں شرکت کرتے ہیں اور مختلف کھیلوں میں نیا ٹیلنٹ سامنا آتا ہے، انہوں نے کہا کہ سر سید یونیورسٹی نے ماضی میں بھی نمایاں کارکردگی پر قومی ایتھلیٹس کی پذیرائی کی اور مستقبل میں بھی اسی طرح انہیں سراہتے رہینگے..

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here