سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے مطابق محمود آباد/ منظور کالونی نالے اور اطراف میں قائم تجاوزات کو صاف کرنے کی کارروائی کا عمل

0
1239

سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے مطابق محمود آباد/ منظور کالونی نالے اور اطراف میں قائم تجاوزات کو صاف کرنے کی کارروائی کا عمل
کراچی:(طلعت محمود استاف رپورٹر) سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے مطابق محمود آباد/ منظور کالونی نالے اور اطراف میں قائم تجاوزات کو صاف کرنے کی کارروائی کا عمل دوسرے روز منگل کو بھی جاری رہا، پہلے مرحلے میں کچی تجاوزات کو صاف کیا جارہا ہے جس کے بعد پختہ تجاوزات کو بھی صاف کردیا جائے گا، منظور کالونی فائر اسٹیشن سے شروع ہونے والے اور کورنگی پل تک جانے والے ساڑھے تین کلو میٹر طویل (دونوں جانب 7کلومیٹر) محمود آباد نالے میں مختلف علاقوں کا سیوریج اور برساتی پانی شامل ہوتا ہے مگر مذکورہ مقام پر مختلف اقسام کی کچی اور پختہ تجاوزات کے باعث نالے کے بہاؤ میں نہ صرف یہ کہ رکاوٹ ہے بلکہ مختلف مقامات پر اس کی چوڑائی میں فرق آرہا ہے، منگل کو بھی میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی نے محمود آباد نالے کا موقع پر پہنچ کر دورہ کیا اور وہاں ہونے والے کاموں کی از خود نگرانی کی، ان کے ہمراہ سینئر ڈائریکٹر کو آرڈی نیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی، ڈائریکٹر کچی آبادی مظہر خان، ڈائریکٹر سٹی وارڈنز راجہ رستم سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران بھی موجود تھے، میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی کو بتایا گیا کہ تجاوزات ہٹانے کے اس عمل میں دوسرے دن تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر تک کے رقبے سے کچی تجاوزات سمیت کچھ پختہ تجاوزات کو بھی صاف کیا گیا ہے، اس کارروائی کے دوران 57 دکانوں / مکانوں کے جزوی حصے تجاوزات کی مد میں نالے تک آرہے تھے جنہیں ہٹانے کا عمل جاری ہے جبکہ نالے کے ساتھ دائیں اور بائیں دونوں جانب 12 فٹ کے روڈ سمیت 3 فٹ کی فٹ پاتھ بھی بنائی جائے گی اس طرح نالے کے دونوں جانب 15-15 فٹ کی جگہ گزرنے کے لئے دستیاب ہوگی جبکہ نالہ 12 فٹ کی چوڑائی کے ساتھ پانی کے بہاؤ کو جاری رکھے گا،میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی نے متعلقہ افسران کے ہمراہ منظور کالونی فائر اسٹیشن سے شروع ہونے والے محمود آباد نالے کا تقریباً ڈیڑھ کلو میٹر پیدل چلتے ہوئے تجاوزات کو ہٹانے کے عمل کا جائزہ لیا اور افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں، محمود آباد نالے کے اطراف کچرا جمع کرنے والوں نے بڑے بڑے تھیلوں میں کچرے کے انبار جمع کرکے رکھے ہوئے ہیں جن میں سے وہ دوبارہ استعمال ہونے والی اشیاء کو نکال کر باقی ماندہ کچرا نالے کے قریب ہی پھینک دیتے ہیں جو ہوا سے اڑ کر واپس نالوں میں چلا جاتا ہے، میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی نے ہدایت کی کہ محمود آباد / منظور کالونی نالے کی چوڑائی کاکام بنائے گئے ڈیزائن کے مطابق ہونا چاہئے اور اس حوالے سے کسی فریق کو کسی بھی طرح کا نقصان نہیں پہنچنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی تجاوزات کے خلاف اپنی مہم کو بلا امتیاز و تفریق جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ نالوں پر سے بھی تجاوزات صاف کرنے کا عمل مستقل جاری ہے، انہوں نے کہا کہ جو مکانات، دکانیں، مارکیٹیں ان نالوں پر تعمیر کی گئی ہیں انہیں نالوں کے ڈیزائن کے مطابق ہی ہٹایا جائے گا، واضح رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ان تمام مکانات اور دکانوں کے مالکان کو جو نالے کی جگہ غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھیں انہیں پہلے ہی نوٹسز جاری کردیئے گئے تھے جس پر کچھ لوگوں نے از خود کارروائی کرتے ہوئے اپنے تجاوزات کو صاف کیا جبکہ باقی رہ جانے والے تجاوزات کو بلدیہ عظمیٰ کراچی صاف کرنے کے لئے اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here