اچھا استاد طلبہ کے ذہنوں میں اپنے افکار مرتسم کردیتا ہے جو تاحیات اس کی رہنمائی کرنے میں مددگارثابت ہوتے ہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی

0
2669

اچھا استاد طلبہ کے ذہنوں میں اپنے افکار مرتسم کردیتا ہے جو تاحیات اس کی رہنمائی کرنے میں مددگارثابت ہوتے ہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرخالد محمود عراقی نے کہا کہ ایک استاد کبھی ریٹائر نہیں ہوتا کیونکہ استاد ہمیشہ استاد رہتاہے اور وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کسی نہ کسی طرح تدریس و تحقیق سے وابستہ رہتاہے۔ایک بہترین استاد اپنے طلبہ کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے،وہ طلبہ کے ذہنوں میں اپنے افکار مرتسم کردیتا ہے جو تاحیات اس کی رہنمائی کرنے میں مددگارثابت ہوتے ہیں۔جامعہ کراچی اپنے اکیڈمک کیرئیر مکمل کرنے والے اساتذہ کے قیمتی علمی وتحقیقی تجربات سے طلبہ کو مستفیض اوررہنمائی کاپوراموقع فراہم کرتی ہے۔ڈاکٹر شکیل فاروقی شاعری بہت عمدہ کرتے ہیں اور اسٹاف کلب جامعہ کراچی میں مستقل ادبی نشستوں کے اہتمام کے ساتھ ساتھ بغیر کسی مطلب کے لوگوں کی مدد کرتے ہیں جو لائق تحسین اور قابل تقلید ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر شکیل الرحمن فاروقی کی تدریسی وتحقیقی خدمات کے اعتراف میں ان کے ریٹائرمنٹ کے موقع پر منعقد کئے گئے اکیڈمک ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام شعبہ جینیات جامعہ کراچی کی جانب سے شعبہ ہذا ہی میں کیا گیا تھا۔اس موقع پر روئسائے کلیہ جات،مختلف شعبہ جات کے صدوراور اساتذہ موجود تھے۔
صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے کہا کہ میں نے کچھ عرصہ شعبہ جینیات میں بحیثیت طالب علم گذارا اورڈاکٹر شکیل الرحمن فاروقی کے پڑھانے کے اندازسے بہت متاثر تھا۔وہ اپنے جونیئرز کو وقت دیتے تھے اور ان کا ایک خاص جملہ تھا کہ الیکشن کے دوران جو ووٹ اپنا نہیں وہ ہی اپنا ہے اور اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ اپنے ووٹرز کو زیادہ سے زیادہ وقت دیتے تھے۔
ڈاکٹر ریاض نے کہا کہ میں ڈاکٹر شکیل فاروقی کو اس وقت سے جانتاہوں جب وہ اسٹوڈنٹس یونین کے الیکشن لڑرہے تھے۔انہوں نے انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے انتحابات میں بھی متعدد بار حصہ لیا اور ہمیشہ مثبت قیادت فراہم کی اور ٹیچرز الائنس فارگڈگورننس کا نام بھی انہوں نے ہی تجویز کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر جمیل کاظمی نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل فاروقی نے اسٹوڈنٹس سیاست میں اپنا سکہ جمایا،وہ بہت ساری خوبیوں کا مجمع ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر فیاض وید نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل فاروقی اور ان کے مابین اکثر کسی نہ کسی موضوع پر اختلاف ہوتاتھا لیکن کبھی بھی تمیز کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔ڈاکٹرشکیل فاروقی بے انتہا ئی ذہین،بے انتہادلچسپ اور بے انتہا باتونی ہیں۔میری دعا ہے آگے میں کامیابیاں ان کی مقدر بنتی رہے۔رئیس کلیہ تعلیم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ناصر سلمان نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل فاروقی اخلاقیات،سماجیات اور روایات کے امین ہیں۔
رئیسہ کلیہ معارف اسلامیہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شہناز غازی نے کہا کہ ایک روشن ستارے کو روشن کہہ دیا جائے اور اس کی تعریف کی جائے تو کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ڈاکٹر مقصود علی انصاری نے جس طرح کی روایت کو قائم کیا ہے اس کو جاری رہنا چاہیئے۔
ڈاکٹر شکیل الرحمن فاروقی نے کہا کہ میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے اتنے اچھے دوست ملے۔انہوں نے اپنے مختصر تقریر کا اختتام اپنے چند تازہ اشعار،جو بات سچ ہے اسے سچ ہی کہنا اچھا ہے،خود اپنے سچ کے ا حاطے میں رہنا اچھاہے۔شکیل آہی گیا مرحلہ جدائی کا،تواس مقام پر خاموش رہنا اچھا ہے۔
تقریب کے اختتام پر چیئر مین شعبہ جینیات جامعہ کراچی ڈاکٹر مقصود علی انصاری نے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ شعبہ جینیات کی نئی عمارت ڈاکٹر شکیل فاروقی کی محنتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے ہمیشہ تعلیمی سرگرمیوں کو ترجیح دی ہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ انہوں نے جامعہ کراچی کے لئے بہت کچھ کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here