ہمیں تعلیمات نبوی ﷺپر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے،تعلیمات نبویؐ پر عمل پیرانے ہونے کی صورت میں دنیا کی کوئی قوم ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔شاہدہ رحمانی

0
1208

ہمیں تعلیمات نبوی ﷺپر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے،تعلیمات نبویؐ پر عمل پیرانے ہونے کی صورت میں دنیا کی کوئی قوم ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔شاہدہ رحمانی
جورسول اکرمؐ کے خاکے بنارہے ہیں وہ اس دنیا میں خاک ہوجائیں گے۔ اسلام ایک پر امن دین ہے اور اس کے ماننے والے مہذب اور پر امن لوگ ہیں۔ حضورؐ کی تعلیمات پر عمل اور اس کو اجاگر کرنے سے خیرکے راستے پر چلنا آسان ہوجا تا ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی
اسلامی تعلیمات میں ہر دوراور ہر زمانے کے لئے رہنمائی موجود ہے، سیرتِ طیبہ انسانی زندگی کے تمام پہلوؤں کے لئے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ڈاکٹر ثمر سلطانہ
ممبرقومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے کہا کہ محفل میلاد النبیؐ کا انعقاد لائق تحسین اور وقت کی اہم ضرورت ہے، ہم اگرسیرت طیبہ کا مطالعہ بھی کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے اس پر عمل نہیں کرتے ہم باربارجھوٹ بولتے ہیں اور امانت میں خیانت کرنا ہمارے لئے کوئی مسئلہ ہی نہیں۔ہمیں تعلیمات نبوی ؐ پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے اور اگر ہم اس پر عمل پیرا ہوجائیں اور وعدہ خلافی،جھوٹ بولنا اور امانت میں خیانت کرنا ترک کردیں تو یقین کریں دنیا کی کوئی قوم ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔
شاہدہ رحمانی نے مزید کہا کہ آج ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کی وجہ ملاوٹ کا نہ ہونا،امانت میں خیانت اور وعدہ خلافی ترک کردینا ہے،لیکن ہمارے یہاں ایسا نہیں ہے بلکہ ہر بات پر جھوٹ بولتے ہیں بلکہ اپنے والدین سے بھی جھوٹ بولتے ہیں۔ہمیں تعلیمات نبویؐ پر بات کرنے کے ساتھ ساتھ عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ سیاسیات جامعہ کراچی کی چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر ثمر سلطانہ کی زیر سرپرستی شعبہ ہذا کے ڈاکٹر منظور الدین ہال میں منعقدہ پروقار محفل میلاد النبیﷺسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہاکہ حضور اکرم ﷺ خاتم النبین کے اسوہ حسنہ رشد وہدایت کا دائمی سرچشمہ ہیں،اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے جس کاحیطہ تحریر میں آناممکن نہیں،لیکن ان تمام نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت سرکاردوعالم ؐ کی تشریف آوری ہے۔رسول اکرمؐ کی ذات بلند ترین ذات ہے،ان کی ذات کے ساتھ دین بھی اورپیغام بھی مکمل ہوا۔بارہ ربیع الاول کا مہینہ ہم سب کے لئے بہت بابرکت مہینہ ہے۔
ہمیں آپ ؐ کی ذات کو صرف اس ماہ تک محدودنہیں رکھنا چاہیئے بلکہ آپؐ کے اسوہ حسنہ کا مطالعہ اور اس پر عمل پیرا ہونا ناگزیر ہے اوراسی صورت ہمارے تمام مسائل کا حل اور کامیابی ممکن ہے۔ہم دوسروں کو مشورہ دیتے ہیں لیکن خود عمل کرنے سے قاصر رہتے ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم خود بھی سیرت طیبہ کو اپنائیں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ جورسول اکرمؐ کے خاکے بنارہے ہیں وہ اس دنیا میں خاک ہوجائیں گے۔ اسلام ایک پر امن دین ہے اور اس کے ماننے والے مہذب اور پر امن لوگ ہیں۔ حضورؐ کی تعلیمات پر عمل اور اس کو اجاگر کرنے سے خیرکے راستے پر چلنا آسان ہوجا تا ہے۔
چیئر پرسن شعبہ سیاسیات جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ثمر سلطانہ نے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں ہر دوراور ہر زمانے کے لئے رہنمائی موجود ہے، سیرتِ طیبہ انسانی زندگی کے تمام پہلوؤں کے لئے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔آپ ؐ نے جہالت کے اندھیروں کو ختم کیا اور اپنے قول وعمل سے اسلام کو پھیلایا۔اللہ تعالیٰ اس پر نورمحفل کی برکتوں سے ہمارے تمام مسائل حل فرمائیں اورہم سب کی زندگیوں میں نعمتوں اور رحمتوں کا نزول رہے۔
ایساموقع سعادت والوں کو نصیب ہوتاہے کہ وہ اللہ کے آخری نبی حضرت محمد ؐ کا ذکر کریں اور اس سے کچھ حاصل کریں محفل میلاد سے ڈاکٹر سید شمائل احمد قادری اورڈاکٹر ساجدہ پروین نے بھی خطاب کیا۔
شعبہ سیاسیات جامعہ کراچی کے ڈاکٹر کامران خان نے کلمات تشکر اداکئے۔محفل میلاد کا آغاز قاری انورکی تلاوت سے ہوا جبکہ ہدیہ نعت شعبہ سیاسیات کے طلبہ نے پیش کیا۔اس موقع پر مختلف شعبہ جات کے صدور،اساتذہ اور طلبا وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here