اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کیلیے 15 امیدوار شارٹ لسٹ

0
2119

اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کیلیے 15 امیدوار شارٹ لسٹ
کمیٹی انٹرویو کا مرحلہ مکمل کر کے 5 موزوں نام سینیٹ کو بھجوائے گی
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے انتخاب کے سلسلے میں قائم تلاش کمیٹی نے پہلے مرحلے کے انٹرویو کے بعد 15 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے۔
تلاش کمیٹی کی جانب سے امیدواروں کے انٹرویوز بدھ اور جمعرات تک کمیٹی کے کنوینر زوہیر اشیر کی زیر صدارت جاری رہے جب کہ شارٹ لسٹ کیے گئے 15 امیدواروں کو دوبارہ انٹرویو کے لیے 23 اکتوبر2020 بروزجمعہ کوبلایا گیا ہے۔
جن 15 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کرنے کے بعد جمعہ کو بلایا گیا ہے ان میں جامعہ اردو کے سابق قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر عارف زبیر، موجودہ قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، قائد اعظم یونیورسٹی کے ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری، جامعہ کراچی کی پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل، ڈاکٹر احمد قادری، ڈاکٹر ماجد ممتاز ، ڈاکٹر عارف کمال، ایچ ای جے کے ڈاکٹر خالد خان، اسپا کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد قریشی، پیرزادہ جمال، ڈاکٹر عرفان انجم مناوری ، قادر بخش، غلام قمبر، محمود احمد اور اظہر عطا شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے حال ہی میں وائس چانسلر کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے ڈاکٹر محمد علی شیخ انٹرویو کے بعد شارٹ لسٹ امیدواروں میں شامل نہیں کیے گئے۔
یاد رہے کہ تلاش کمیٹی کو اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے انتخاب کے لیے 90 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ جن میں سے اسکروٹنی کے بعد 61 امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ایک عدالتی حکم پر یونیورسٹی کی سینیٹ نے فی الحال وائس چانسلر کی تقرری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور صرف انٹرویوز کا مرحلہ مکمل کرکے 5موزوں نام سینیٹ کو بھجوائے جائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here