کراچی اورایم کیو ایم پاکستان لازم وملزوم ہیں، پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی

0
1942

کراچی(اسٹاف رپورٹ) بلدیہ عظمی’ کراچی کی کونسل میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ کراچی اور ایم کیو ایم لازم وملزوم ہیں، ہماری پارٹی پھر بلدیاتی اداروں میں آئے گی، ہم ووٹ لے کر یہاں آئے ہیں ہماری کوشش ہے کہ ادارے اور محکمے مضبوط کریں جس کے لئے میئر کراچی وسیم اختر اور ان کی ٹیم شب و روز کوشاں ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی سہ پہر صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ میں محکمہ قانون کے نئے دفتر کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اچھی مینجمنٹ کا تقاضا ہے کہ لوگوں کو ساتھ لے کر چلا جائے، قانونی امور کمیٹی کے چیئرمین عارف خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ بلدیہ کراچی کی عمارت ماضی میں چمکتی تھی اور بہت صاف ستھری تھی اسے اسی طرح بحال رہنا چاہئے، بلدیہ عظمی کراچی کے پاس وسائل نہیں ہیں مگر محکمہ قانون کے نئے دفتر کے قیام سے محکمے کی کارکردگی بہتر ہوگی، انہوں نے کہا کہ سینئر مشیر قانون عذرا مقیم نے اس سلسلے میں بہت محنت کی ہے اور وہ اس پر مبارکباد کی مستحق ہیں، انہوں نے کہا کہ محکمے کے امور میں کوتاہی اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، وکلا ء کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ میئر کراچی کو ارسال کی جائے،سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم نے کہا کہ بہترین ماحول میں مثالی کام ہوتا ہے اور ملازمین کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے میئر کراچی وسیم اختر کا وژن ہے کہ بلدیہ کے افسران اور ملازمین کی کارکردگی بہتر ہو جس کے لئے ان کو سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں، سینئر مشیر قانون عذرا مقیم نے کہا کہ میرے چارج سنبھالنے کے بعد محکمے نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، آج محکمے میں کوئی مقدمہ التواء کا شکار نہیں، انہوں نے اس موقع پر اپنے پیش رو کیانی صاحب اور منظور احمد کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ ان کی خواہش کی تکمیل ہو رہی ہے کہ قانون دان کا دفتر اچھا ہوناچاہئے، انہوں نے میئر کراچی وسیم اختر، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن اور مینجمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here